ناندیڑ میں مون سون سے پہلے کی تیاریاں بروقت مکمل کریں: کلکٹر

ناندیڑ، 4 مئی: ممکنہ مون سون آفات سے بچاؤ کے پیش نظر ضلع کے تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مون سون سے پہلے کی تیاریاں بروقت مکمل کریں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے منصوبے فوری طور پر پیش کریں۔ یہ ہدایات ضلع کلکٹر راہول کڑدیلے نے دی ہیں۔

یہ بات انہوں نے ضلع کلکٹر آفس میں واقع ڈاکٹر شنکر راؤ چوہان پلاننگ بھون میں منعقدہ مون سون سے قبل جائزہ اجلاس کے دوران کہی۔ اس موقع پر ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار، میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار دوئی فوڑے، ایڈیشنل کلکٹر رتن دیپ گائیکواڑ، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج گرو، ریزیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر کیرن امبیکر، ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر کشور کُڑھے سمیت مختلف محکموں کے سینئر افسران، سب ڈویژنل افسران اور تحصیلدار بھی موجود تھے۔

ضلع کلکٹر نے کہا کہ اگرچہ اس سال بارش کا امکان نسبتاً کم ہے، لیکن شدید گرمی کے باعث اچانک موسلادھار بارش سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کو مکمل طور پر تیار رہنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ وشنوپوری ڈیم میں اس وقت پینے کے پانی کا خاطر خواہ ذخیرہ موجود ہے، جس کی مناسب منصوبہ بندی ضروری ہے۔ ساتھ ہی ڈیم کے گیٹس اور نئی پائپ لائن کے کاموں کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی دی گئی۔

انہوں نے گزشتہ سال مکھید، نائگاؤں، بلولی اور قندھار سمیت مختلف تعلقہ جات میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس بار ایسی صورتحال پیدا نہ ہو، اس کے لیے متعلقہ افسران ٹھوس اقدامات کریں۔

شہر میں نالوں کی صفائی بروقت مکمل کرنے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دینے اور پلوں و سڑکوں پر پانی کے بہاؤ کے باعث شہریوں کے پھنسنے سے بچاؤ کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

محکمہ صحت کو دیہی علاقوں میں ادویات کا وافر ذخیرہ رکھنے اور سانپ کے کاٹنے کی دوا تمام صحت مراکز میں دستیاب رکھنے کے احکامات دیے گئے۔ جبکہ محکمہ حیوانات کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوام میں بیداری پیدا کریں کہ ندی نالوں کے کنارے مویشی نہ باندھے جائیں۔

اجلاس کے اختتام پر ضلع کلکٹر نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تعلقہ سطح کے کام مون سون سے قبل مکمل کر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے منصوبے فوری طور پر ضلع انتظامیہ کو پیش کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے تمام سب ڈویژنل افسران کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لیے رہنمائی فراہم کی، نیز تمام محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام مکمل کرنے کی تاکید کی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading