ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز)عدالتی کارروائی کے لیے جیل سے پروڈکشن وارنٹ پر لائے گئے تین ملزمان میں سے دو نے شیوّاجی نگر پولیس اسٹیشن سے فلمی انداز میں فرار ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے باعث پولیس محکمہ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، متعلقہ ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن لایا گیا تھا۔ انہیں پولیس اسٹیشن کی دوسری منزل پر واقع ڈی بی (ڈیٹیکشن برانچ) روم میں رکھا گیا تھا۔ اس دوران ڈی بی انچارج سید اور دیگر عملہ ان کی نگرانی کر رہے تھے، تاہم موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تینوں ملزمان نے اچانک کھڑکی سے چھلانگ لگا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر علاقے میں ناکہ بندی کر کے تلاش مہم شروع کر دی۔ تعاقب کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرنے میں پولیس کو کامیابی ملی، جبکہ دیگر دو ملزمان تاحال فرار ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
اس واقعہ کے بعد پولیس اسٹیشن کی سکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ ملزمان کے اس آسانی سے فرار ہونے پر لاپرواہی کا معاملہ بھی سامنے آ رہا ہے۔ اعلیٰ حکام نے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
دریں اثنا، مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور پولیس نے جلد گرفتاری کا یقین ظاہر کیا ہے۔