کسانوں کے حق میں کانگریس کے ریاستی صدر کی پدیاترا

کسانوں کے حق میں کانگریس کے ریاستی صدر کی پدیاترا

’شیوسمان کسان سنگھرس یاترا‘ نے ہرش وردھن سپکال کی شبیہ کسانوں کے حقیقی ہمدرد کی بنادی

ممبئی: پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر جہاں ملک بھر کی نظریں مرکوز تھیں اور سیاسی سرگرمیاں انہی نتائج کے گرد گھوم رہی تھیں، وہیں مہاراشٹر میں ایک مختلف تصویر سامنے آئی، جہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال شدید گرمی کے باوجود کسانوں کے مسائل کو لے کر پدیاترا کرتے ہوئے نظر آئے، جس نے سیاسی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلڈھانہ ضلع کے مانے گاؤں سے جلگاؤں جامود تک تقریباً 44 ڈگری درجہ حرارت میں نکالی گئی ’شیو سمان کسان سنگھرش پدیاترا‘ کو کسانوں اور مقامی عوام کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہوئی۔ اس پدیاترا کے دوران سپکال نے مختلف دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے براہ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل، خاص طور پر فصلوں کے مناسب دام، بڑھتی لاگت اور قرض کے بوجھ جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہرش وردھن سپکال نے کسانوں کے مسائل کو لے کر میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہو، بلکہ اس سے قبل بھی وہ مراٹھواڑہ کے تلجاپور اور ہنگولی علاقوں میں اسی نوعیت کی پدیاتراں نکال چکے ہیں۔ ان یاتراؤں کے ذریعے انہوں نے گاؤں گاؤں جا کر کسانوں کے مسائل کو سمجھنے اور انہیں سیاسی سطح پر اٹھانے کی کوشش کی ہے، جسے سیاسی مبصرین ایک سنجیدہ اور زمینی سیاست کی مثال قرار دے رہے ہیں۔

سیاسی حلقوں میں یہ بات بھی زیرِ بحث ہے کہ موجودہ دور میں جہاں اکثر لیڈر عوامی مسائل کے بجائے انتخابی حکمت عملی اور میڈیا مہمات تک محدود دکھائی دیتے ہیں، وہیں سپکال کا یہ انداز انہیں دیگر لیڈروں سے الگ شناخت دیتا ہے۔ بغیر کسی بڑے سیاسی مظاہرے یا تشہیر کے، عوام کے درمیان جا کر ان کے مسائل سننا اور ان کے حل کے لیے آواز بلند کرنا ان کی سیاسی حکمت عملی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ ریاستی صدر کے طور پر تقریباً چودہ ماہ کے اپنے دور میں ہرش وردھن سپکال نے کسانوں کے علاوہ خواتین، نوجوانوں اور ایم پی ایس سی امیدواروں کے مسائل پر بھی مختلف تحریکیں اور پدیاتراں منظم کی ہیں، جس کے باعث ان کی شبیہ ایک متحرک اور جارحانہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔

کانگریس پارٹی کی سیاست میں پدیاترا کی روایت تاریخی حیثیت رکھتی ہے، جس کی بنیاد مہاتما گاندھی نے رکھی تھی، اور اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے سپکال ریاست بھر میں عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بلڈھانہ کے ایک عام خاندان سے تعلق رکھنے والے سپکال کا اس انداز میں عوامی سطح پر سرگرم ہونا کانگریس کے لیے تقویت کا باعث سمجھا جا رہا ہے۔ سیاسی طور پر کہا جا رہا ہے کہ عوامی مسائل پر براہ راست جدوجہد کا یہ طرزِ سیاست آنے والے دنوں میں مہاراشٹر کی سیاست میں اہم تبدیلیاں لا سکتا ہے اور اس کے اثرات مستقبل کے انتخابات میں بھی دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

MPCC Urdu News 05 May 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading