مکہ مسجد کیس : تمام ملزمین کو بری کرنے والا جج بی جے پی میں شمولیت کا خواہاں

حیدرآباد۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد کی ایک میٹرو پولیٹن سیشنس جج جو مکہ مسجد بم دھماکوں کے مقدمہ کے تمام ملزمین کو بری کئے جانے کے فوری بعد مستعفی ہوگئے تھے، اب حکمراں بی جے پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چوتھے ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشنس جج کے رویندر ریڈی نے بی جے پی کے صدر امیت شاہ سے 14 ستمبر کو ان کے دورہ¿ حیدرآباد کے موقع پر ملاقات کی اور ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ تاریخی مکہ مسجد میں 9 سال قبل ایک بم دھماکہ کے سبب 9 مصلیان جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس مقدمہ کے جج رویندر ریڈی پر 16 اپریل 2018ءکو بشمول سوامی اسیمانند تمام پانچ ملزمین کو بری کردیا جو تمام ایک انتہا پسند ہندو تنظیم کے کارکن بھی تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رویندر ریڈی کے فیصلے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعدشخصی وجوہات کی بناءپر مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے قانونی و سیاسی حلقوں کو حیرت و اَچنبہ میں ڈال دیا تھا۔ اس مقدمہ میں 10 ملزم تھے لیکن این آئی اے نے صرف 5 کے خلاف فردِ جرم عائد کیا تھا۔ دائیں بازو کے ان انتہا پسند ہندو کارکنوں میں بنا کمار سرکار ، سوامی اسیمانند، ویریندر گپتا، لوکیش شرما ، بھارت موہن لال رائیٹور عرف بھارت بھائی اور راجیندر چودھری کے خلاف الزامات وضع کئے گئے تھے اور ان تمام کے منسوبہ الزامات سے بری کردیا گیا تھا۔ سوامی اسیمانند جو گجرات سے تعلق رکھتا ہے، ونواس کلیان آشرم کا سربراہ سے قبل ازیں اجمیر دھماکہ کیس میں بری کیا گیا تھا اور 2014ءکے سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس کے مقدمہ میں فی الحال ضمانت پر رہا ہے۔ دویندر گپتا بہار سے تعلق رکھنے والا آر ایس ایس کا پرچارک ہے اور لوکیش شرما، مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والا آر ایس ایس پرچارک ہے۔

Leave a comment