ناندیڑ:۲۹؍ستمبر(راست):بین الاقوامی یوم معمرین کے ضمن میں کل یکم اکتوبر کو شہر کے وزیر آباد علاقہ سے دفتر ضلع کلکٹر تک بزرگ شہریان کی ایک ریلی نکالی جارہی ہے ۔بزرگ شہریوں کے مختلف دیرینہ مطالبات کی یکسوئی اور ان کے مسائل کے حل کی جانب حکومت کی توجہ مبذول کرانے کے مقصد سے اس ریلی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔مذکورہ جانکاری شہر کے بزرگ سماجی خدمت گار اور سماجی تنظیم فیسکام کے ذمہ دار ڈاکٹر ہنس راج ویدیہ نے دی ہے۔فصیلات کے بموجب سینئر سٹیزنز یعنی بزرگ افراد سماج کا سب سے محروم طبقہ سمجھا جاتا ہے۔غیر منفعت بخش اور غیر پیداواری عنصر ہونے کے سبب گھر کے لوگ اور قریبی رشتہ دار بھی بزرگوں کو نظر انداز کرتے ہیں۔ان کی دیکھ بھال ،اکل و شرب،علاج و معالجہ وغیرہ ضروریات پوری کرنے سے ان کی اولاد بھی کتراتی ہے۔اپنے گھروں میں حسرت و یاس کی تصویر بن کر پڑے رہنا ہی ان کا مقدر ہوتا ہے۔اگر اولاد اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے تو انہیں گھروں میں بھی رہنے نہیں دیتی بلکہ ’اولڈ ایج ہوم‘(بیت المعمرین)پہنچادیتی ہے۔بہت کم لوگ ہوتے ہیں جو اپنے بزرگ والدین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آتے اور ان کی تمام ضروریات کا خیال رکھتے ہیں۔بزرگوں کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرانے کے مقصد سے اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال یکم اکتوبر کو ’بین الاقوامی یوم معمرین‘کے طور پر منایا جاتا ہے۔اسی دن کی مناسبت سے بزرگ شہریان کے مختلف مسائل و مطالبات حکومت و انتظامیہ کے گوش گزار کرنے کی خاطر ’ سہیوگ جیشٹھ ناگرک سنگھ ‘ اور ’ فیس کام‘ کی جانب سے ناندیڑ شہر میں بزرگ شہریان کی ایک ریلی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔یہ ریلی وزیر آباد سے نکل کر شیواجی پتلہ ہوتے ہوئے دفتر ضلع کلکٹر پہنچے گی ۔وفد کی جانب سے ضلع کلکٹر کی معرفت وزیر اعلیٰ کو ایک میمورنڈم روانہ کیا جائے گا۔اس ریلی کو مختلف سماجی تنظیموں جیسے پنشنرز اسوسی ایشن،ای پی ایس ۹۵وغیرہ کی سرگرم تائید حاصل رہے گی۔اپنے حقوق کی جدوجہد کی خاطرناندیڑ شہر و ضلع کے تمام معمر شہریان مرد و خواتین سے اس ریلی میں شریک ہونے کی اپیل فیس کام کے ذمہ دار ڈاکٹر ہنس راج ویدیہ نے کی ہے۔