ناندیڑ، 24 جولائی:(ورق تازہ نیوز) فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے کمشنر توکارام منڈھے کی ہدایت پر ریاست بھر میں جاری خصوصی معائنہ مہم کے تحت ناندیڑ ضلع میں ہوٹلوں، ریستورانوں، کھانے پینے کے مراکز اور مختلف غذائی اداروں کی بڑے پیمانے پر جانچ کی گئی۔ اس دوران فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔جانچ کے دوران ناندیڑ شہر کے دیگلور ناکہ پر واقع "ہوٹل سویرا” میں سنگین بے ضابطگیاں پائے جانے پر اس ادارے کا فوڈ لائسنس اگلے احکامات تک فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔
اسی طرح "ہوٹل کویتا، ناندیڑ” کا فوڈ لائسنس بھی سنگین خلاف ورزیوں کی بنیاد پر معطل کر دیا گیا۔اس کے علاوہ نوا مونڈھا، ناندیڑ میں واقع تاڑی دکان نمبر 12 سے 158 لیٹر غذائی ذخیرہ، جس کی مالیت 7 ہزار 110 روپے بتائی گئی، ضبط کرکے تلف کر دیا گیا۔ متعلقہ تاجر کے پاس خریداری کا بل یا ٹرانسپورٹ پاس موجود نہ ہونے اور دیگر سنگین بے ضابطگیوں کے باعث اس ادارے کا فوڈ لائسنس بھی فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔
خصوصی مہم کے دوران مختلف صنعتی اداروں سے بڑی مقدار میں ریفائنڈ سویا بین تیل بھی ضبط کیا گیا، جن میں:
- شری سوامی سمرتھ آئل ٹریڈنگ، ایم آئی ڈی سی، ناندیڑ سے 3 ہزار 148 لیٹر (مالیت 5 لاکھ 19 ہزار 420 روپے)
- شری نواس آئل اینڈ فوڈس، حدگاؤں سے 1 ہزار 363 لیٹر (مالیت 2 لاکھ 45 ہزار 340 روپے)
- گیانائی اسپائسز، کرشنور ایم آئی ڈی سی، نائیگاؤں سے 1 ہزار 61 لیٹر (مالیت 3 لاکھ 53 ہزار 800 روپے)
- آیوش اومکار انڈسٹریز، ایم آئی ڈی سی، ناندیڑ سے 1 ہزار 78 کلوگرام ریفائنڈ سویا بین تیل (مالیت 1 لاکھ 86 ہزار 494 روپے)ضبط کیا گیا۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ناندیڑ شہر اور ضلع کے تمام ہوٹلوں، ریستورانوں، فوڈ سروس اداروں اور غذائی کاروبار سے وابستہ افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 اور متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔یہ خصوصی معائنہ مہم فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر توکارام منڈھے کی رہنمائی اور اسسٹنٹ کمشنر (چھترپتی سمبھاجی نگر) شری کانت کرکالے کی ہدایت پر انجام دی جا رہی ہے۔ کارروائی میں سرکل نمبر 1 کے ایس ڈی اے جنتورکر، سرکل نمبر 2 کے اسسٹنٹ کمشنر آر ایم بھرکڑ اور فوڈ سیفٹی افسران ایس وی کنکاواڈ، وی ایس لونڈھے، اے ایم تمڈوار، اے این گیری، محترمہ شیری رامے اور محترمہ اے کے دودھاٹے نے حصہ لیا۔