حیدرآباد 12مئی .حیدرآباد پولیس نے درسگاہ جہادو شہادت کے ارکان کو اتوار کی صبح حراست میں لے لیا تاکہ عنبرپیٹ کی مسجدیکخانہ کے پاس نماز کی ادائیگی کے پروگرام کو ناکام بنایاجائے۔درسگاہ جہاد وشہادت کے ارکان بشمول اس کے سربراہ عبدالماجد،صلاح الدین عفان اور دیگر حراست میں لے لئے گئے۔درسگاہ کے سکریٹری نے سوشیل میڈیا پرایک پیام پوسٹ کرتے ہوئے مسلم اسکالرس،لیڈروں اور مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والوں سے خواہش کی تھی کہ وہ اتوار کی دوپہر مسجد یکخانہ میں نماز کے ادائیگی کے لئے جمع ہوں۔اس پیام کے بعد کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے اس علاقہ میں گڑبڑ پیداکرنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے سڑک کی توسیع کے نام پر اس مسجد کو منہدم کردیاتھاجو وقف ہے۔اس مسئلہ پر عنبر پیٹ میں گزشتہ اتوار کو کشیدگی پیداہوگئی تھی اور دوگروپس میں سنگباری میں بعض افراد زخمی ہوگئے تھے۔اسی دوران پولیس نے درسگاہ کے اس پروگرام کے پیش نظر عنبرپیٹ میں سیکوریٹی بڑھادی۔ٹاسک فورس، آرمڈریزرواور سٹی پولیس کے ملازمین کو وہاں تعینات کردیاگیا تاکہ امن کو یقینی بنایاجاسکے۔عنبرپیٹ میں طلایہ گردی میں شدت پیداکردی گئی ہے۔