عاشق کی نعش کے ساتھ شادی کرنے والی آںچل سسرال چھوڑ کر چلی گئی، سسر کے انتقال کے بعد ساس کا بڑا انکشاف

ناندیڑ: 12/ جون (ورق تازہ نیوز)ناندیڑ کے شانتی نگر سے متصل علاقے کے نوجوان سَکشم تاٹے کے قتل کے معاملے نے گزشتہ برس پورے ملک میں سنسنی پھیلا دی تھی۔ سَکشم کو اس کی محبت کے تعلقات کی وجہ سے گولیاں مار کر اور سر پر فرشی پتھر سے وار کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں سَکشم کی محبوبہ آںچل مامیڈوار کے والد اور بھائیوں پر قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

سَکشم اور آںچل کے درمیان گہرے محبت کے تعلقات تھے۔ دونوں خاندان ایک دوسرے کو جانتے تھے اور سَکشم کا آںچل کے گھر آنا جانا بھی تھا۔ تاہم جب آںچل کے اہل خانہ کو ان کے تعلقات کا علم ہوا تو مبینہ طور پر سَکشم کو راستے سے ہٹانے کی سازش رچی گئی۔

سَکشم کے قتل کے بعد آںچل مامیڈوار نے ایک ایسا قدم اٹھایا جس کی پورے ملک میں چرچا ہوئی۔ اس نے سَکشم کے جسدِ خاکی کے ساتھ علامتی شادی کی اور اعلان کیا کہ وہ زندگی بھر خود کو سَکشم کی بیوی مانے گی اور اس کے خاندان کے ساتھ رہے گی۔

تاہم اب سَکشم کی والدہ سنگیتا تاٹے نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ آںچل صرف ساڑھے تین ماہ تک ان کے ساتھ رہی اور پھر گھر چھوڑ کر چلی گئی۔

سنگیتا تاٹے کے مطابق، ’’سَکشم کے قتل کے بعد آںچل نے مجھ سے کہا تھا کہ اب میں ہی آپ کا بیٹا ہوں، میں آپ کے ساتھ رہوں گی اور آپ کی دیکھ بھال کروں گی۔ وہ تقریباً ساڑھے تین ماہ تک ہمارے ساتھ رہی۔ ایک دن اس نے کہا کہ اس کی دادی کی طبیعت بہت خراب ہے اور وہ ان سے ملنے جانا چاہتی ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ وہ خود آںچل کو اس کے گھر چھوڑنے گئی تھیں، لیکن اس کے بعد وہ کبھی واپس نہیں آئی۔ سنگیتا تاٹے کا کہنا ہے کہ آںچل اپنے چچا کے رابطے میں تھی، لیکن انہوں نے کبھی اس پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی۔

سَکشم کی والدہ نے مزید بتایا کہ سَکشم کے قتل کا صدمہ اس کے والد برداشت نہ کر سکے اور چند ماہ قبل ان کا بھی انتقال ہو گیا۔ اب خاندان میں وہ اکیلی رہ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آںچل کے ساتھ اب ان کا کوئی رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ دوبارہ سسرال واپس آئی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading