سوپول(بہار):7اکتوبر۔(ایجنسیز)بہار کے سوپول میں ایک گرلس اسکول کی طالبات نے چھیڑ چھاڑ کی مخالفت کی تو گاوں کے لوگ اسکول میں داخل ہوگئے اور لڑکیوں کے ساتھ مار پیٹ کی۔ اس واقعہ میں 55 طالبات زخمی ہوگئی ہیں ، جن میں سے 34 کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔یہ واقعہ سوپول کے تریوینی گنج میں واقع بالیکا کستوربہ آواسیہ ودھالیہ ڈپرکھا میں پیش آیا۔ اسکول میں 100 لڑکیاں زیر تعلیم ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ کچھ منچلے اسکول کی دیوار پر غلط الفاظ لکھتے تھے اور چھیڑ چھاڑ کرتے تھے ، جس کی وجہ سے طالبات کافی پریشان تھیں۔ جب طالبات نے اس کی مخالفت کی تو منچلوں کے اہل خانہ اسکول میں گھس آئے اور طالبات کی پٹائی کردی۔وارڈن کے مطابق اسکول میں زبردستی داخل ہوئی بھیڑ میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ بھیڑ لاٹھی ، ڈنڈا اور اینٹ لے کر اسکول میں داخل ہوئی تھی اور انہوں نے بچیوں کی دوڑا دوڑا کر پٹائی کی۔ واقعہ کے بعد ضلع انتظامیہ کے افسران جائے واقعہ پر گشت کررہے ہیں۔مار پیٹ میں سنگین طور پر زخمی طالبات کو علاج کیلئے تریوینی گنج اسپتال ریفر کردیا گیا ہے۔ اس معاملہ پر سیاست بھی شروع ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایس ڈی او مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر معاملہ کو سلجھانے کی کوشش کریں گے۔