ناندیڑ میں چار دن کے لیے یلو الرٹ جاری، گرمی اور بارش کی پیشگوئی

ناندیڑ: (ورق تازہ نیوز)ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ناندیڑ نے علاقائی محکمہ موسمیات مرکز ممبئی کی ہدایات کے مطابق ضلع ناندیڑ کے لیے 17، 18، 19 اور 20 اپریل 2026 تک چار دنوں کے لیے یلو الرٹ (پیلے درجے کا انتباہ) جاری کیا ہے۔محکمہ کے مطابق آئندہ چار دنوں کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔

موسمی پیشگوئی: 17 اپریل: ضلع کے بعض مقامات پر شدید گرمی (ہیٹ ویو) کا امکان۔
18 اپریل: کہیں کہیں ہیٹ ویو کے ساتھ دوپہر یاشام کے وقت گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی۔
19 اور 20 اپریل: بعض مقامات پر 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے، گرج چمک اور ہلکی تا درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر: شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں (ڈاکٹروں کے مشورے سے)، او آر ایس، لسی، لیموں پانی، ناریل پانی یا چاول کی پتلی غذا کا استعمال کریں۔ ہلکے اور ڈھیلے سوتی کپڑے پہنیں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور باہر نکلتے وقت چھتری یا ٹوپی استعمال کریں۔ آنکھوں کے لیے چشمہ اور جلد کے تحفظ کے لیے سن اسکرین کا استعمال کریں۔ بزرگ افراد، بچے اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھا جائے۔

کن باتوں سے پرہیز کریں: دوپہر 12 سے 3 بجے کے درمیان دھوپ میں نکلنے اور سخت محنت والے کاموں سے گریز کریں۔ ننگے پاؤں نہ چلیں۔ الکحل، چائے، کافی، کولڈ ڈرنکس، زیادہ مرچ مصالحہ، تیل والی اور زیادہ نمک یا پروٹین والی غذاؤں سے پرہیز کریں۔ باسی کھانا نہ کھائیں اور چار پہیہ گاڑیوں میں بچوں یا جانوروں کو ہرگز نہ چھوڑیں۔

اس کے علاوہ غیر ضروری طور پر آگ یا تیل کے چراغ جلانے سے بھی منع کیا گیا ہے کیونکہ اس سے گرمی میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس موقع پر ناندیڑ کے ریزیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر کیرن امبیکر نے تمام متعلقہ محکموں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ممکنہ قدرتی صورتحال کے پیش نظر مکمل احتیاط برتیں۔

ہنگامی رابطہ نمبر: ضلع ایمرجنسی کنٹرول روم: (02462) 235077
ٹول فری نمبر: 1077

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading