ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں کمی ،یہ ہے نئی قیمتیں

0 16

نئی دہلی :31ڈسمبر،(ایجنسیز)بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کے مضبوط ہونے سے مسلسل دوسرے مہینے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ بغیر سبسڈی والا رسوئی گیس سلنڈر 120.50 روپے اور سبسڈی والا 5.91 روپے سستا ہوا ہے۔ملک کی معروف تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کی جانب سے پیر کے روز یہ اطلاع دی گئی۔ نئی قیمتیں یکم جنوری سے نافذ ہوں گی۔ قیمتوں میں کمی کے بعد غیر سبسڈی والا گیس سلنڈر 809.50 روپے کے مقابلے میں 689 روپے کا ہوجائے گا۔حکومت ایک مالی سال کے دوران رسوئی گیس صارفین کو 12 سلنڈر سبسڈی کی شرح پر فراہم کرتی ہے۔ اس سے زیادہ طلب کرنے پر صارفین کو غیر سبسڈی والے دام ادا کرنے ہوتے ہیں۔ انڈین آئل نے سبسڈی والا گیس سلنڈر بھی 5.91 روپے سستا کیا ہے، اب یہ 500.90 روپے کے بجائے 494.99 روپے کا ملے گا۔نومبر 2018 میں بغیر سبسڈی والے گیس سلنڈر کے دام میں دو بار اضافہ ہوا تھا۔ پہلے اسے 879 روپے سے بڑھا کر 939 روپے کا کیا گیا تھا اور سات نومبر کو ان کے داموں میں پھر 3.50 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔دسمبر میں دام 942.50 روپے کے مقابلے میں 133 روپے گھٹ کر 809.50 روپے رہ گئے تھے۔ اس طرح دو ماہ کے دوران بغیر سبسڈی والا رسوئی گیس سلنڈر 253.50 روپے سستا ہوا ہے۔