گورکھپور: اترپردیش کے ضلع گورکھپور میں عام آدمی کے ساتھ خراب رویہ رکھنے اور رشوت طلب کرنے کے الزام میں ایک داروغہ اور تین پولیس اہلکار کو معطل کردیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان نے یہاں بتایا کہ ان افسران کے خلاف شکایتیں موصول ہوئی تھیں۔جس کی جانچ کرائی گئی۔ جانچ رپورٹ آنے کے بعد سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر سنیل گپتا نے چاروں کو معطل کردیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ 27 فروری کو ضلع کے بیلی پار کی رہنے والی ایک خاتون نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے شکایت کی تھی کہ اس کی نابالغ بیٹی کا کسی نے اغوا کرلیا ہے۔ خاتون نے الزام لگایا کہ شکایت کرنے کےبعد بھی داروغہ نریندر چودھری اور سپاہی رام بابو نے کاروائی نہیں کی۔
ایک دوسرے معاملے میں 28 فروری کو چوری چورا علاقے کے سریا چوراہے پر ٹیمپو ڈرائیور کی لاپرواہی سے راہ گیر رویندر پاسوان زخمی ہوگیا۔اس معاملے میں راہ گیر اور ٹیمپو ڈرائیور کے درمیان سمجھوتہ ہوجانے کے باوجود تھانے پر تعینات سپاہی ہری رام چوہان اور کملیش بھارتی ٹیمپو ڈرائیور سے روپئے کا مطالبہ کررہے تھے۔ ایس ایس پی نے دونوں معاملے کی جانچ کرائی تھی۔ اور جانچ روپورٹ کی بنیاد پر آج کاروائی کرتے ہوئے چاروں کو معطل کردیا۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو