یومِ جمہوریہ پر تھانے میں نائب وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں پرچم کشائ ی ’مشن بھراری‘ سمیت سرکاری منصوبوں کی نقاب کشائی

یومِ جمہوریہ پر تھانے میں نائب وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں پرچم کشائی

’مشن بھراری‘ سمیت سرکاری منصوبوں کی نقاب کشائی

تھانے (آفتاب شیخ)

ہندوستان کے 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر تھانے ضلع کی مرکزی سرکاری پرچم کشائی کی تقریب پیر کے روز 26 جنوری 2026 کو ساکیت پولیس گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور تھانے ضلع کے سرپرست وزیر ایکناتھ شندے نے قومی پرچم لہرایا، جس کے بعد پولیس دستوں کی جانب سے سلامی اور پریڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر یومِ جمہوریہ کی سرکاری کارروائیاں انجام دی گئیں۔

تقریب کے دوران ضلع پریشد تھانے کے محکمہ تعلیم کی جانب سے تیار کیے گئے تعلیمی منصوبے ’مشن بھراری‘ کی باضابطہ نقاب کشائی عمل میں آئی۔ اس منصوبے کے تحت ضلع پریشد کے دیہی علاقوں کے اسکولوں میں زیرِ تعلیم پانچویں سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی و مسابقتی امتحانات منعقد کیے جائیں گے۔ ان امتحانات کے ذریعے منتخب ہونے والے طلبہ کو ملک کے مختلف سائنسی اور تحقیقی مراکز کا تعلیمی دورہ کرایا جائے گا، جس کے دوران انہیں ہوائی سفر کا تجربہ بھی فراہم کیا جائے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق ضلع تھانے میں شہری نقل و حمل سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں میٹرو-4، میٹرو-4 اے اور میٹرو-5 شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پنویل–کرجت ریل منصوبہ، کلیان–بدلاپور تیسری اور چوتھی ریلوے لائن، ایسٹرن فری وے کی توسیع، کوسٹل روڈ اور تھانے–بورولی سرنگی منصوبہ بھی ترقیاتی مراحل میں ہیں۔

ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ ’شاسن آپلی داري‘ منصوبے کے تحت تھانے ضلع کی 431 گرام پنچایتوں میں ڈور اسٹیپ سرکاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے مختلف سرکاری دستاویزات حاصل ہو رہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں موبائل میڈیکل یونٹ خدمات کو وسعت دی گئی ہے، جبکہ ذہنی صحت سے متعلق خدمات کے لیے ’مائیکا‘ مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی متعدد پرائمری ہیلتھ سینٹرس اور سرکاری اسکولوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔

تقریب کے دوران تھانے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ’سوچھ تھانے، ہریت تھانے‘ کے تصور پر مبنی ’سوچھ تھانے دن درشیکا 2026‘ کی رونمائی کی گئی۔ اسی طرح ضلع انتظامیہ کے ’ای۔سنجیون‘ پروجیکٹ کی ویب سائٹ کے لیے تیار کردہ کیو آر کوڈ کا بھی افتتاح عمل میں آیا۔

یومِ جمہوریہ کی اس سرکاری تقریب میں ضلع کلکٹر شری کرشنا پانچال، پولیس کمشنر آشوتوش ڈمبریے، تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ، عوامی نمائندے، مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران، سرکاری ملازمین، میڈیا نمائندے اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔ بعد ازاں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading