
محققین نے بتایا کہ اس وائرس کی سب سے عام ابتدائی علامت بخار ہے جو تحقیق میں شامل 99 فیصد مریضوں میں دیکھنے میں آئی۔
دیگر عام علامات میں تھکاوٹ اور خشک کھانسی شامل ہیں جو تحقیق میں شامل 50 فیصد سے زائد مریضوں میں دیکھنے میں آئیں۔
یہ وائرس گزشتہ سال دسمبر کے آخر میں چین کے شہر ووہان میں پہلی بار سامنے آیا تھا اور پھر دیگر ممالک میں پھیلنے لگا۔
اب چین میں اس کے نئے کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے مگر دیگر ممالک میں اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
ووہان یونیورسٹی کے زہونگنان ہسپتال کی تحقیق میں 140 کے قریب ہسپتال میں داخل مریضوں میں اس وائرس کی علامات اور دیگر عناصر کا جائزہ لیا گیا۔
ایک تہائی نے مسلز میں درد اور سانس لینے میں مشکل کی شکایت کی، تاہم ابتدائی علامات سامنے آنے کے 5 دن بعد (اوسطاً) مریضوں کو سانس لینے میں مشکل کی علامت کا سامنا ہوا۔
دیگر علامات میں عام نزلہ زکام، سردرد یا گلے میں تکلیف شامل ہیں، جو کیسز کی بہت کم تعداد میں سامنے آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 مریضوں میں بخار یا سانس لینے میں مشکلات سے ایک سے 2 دن قبل ہیضے اور متلی کا بھی سامنا ہوا، جبکہ حالت بگڑنے پر 15 فیصد میں نمونیے کی تشخیص بھی ہوئی۔
اس سے وائرس کے پھیلاﺅ کے ایک اور ممکنہ ذریعے کا بھی عندیہ ملتا ہے کیونکہ تحقیق میں بتایا کہ ہاضمے کی خرابی کی علامات والے ایک مریض کو سرجیکل ڈپارٹمنٹ بھیجا گیا تھا کیونکہ ان علامات کو روایتی کورونا وائرسز کے ساتھ نہیں جوڑا جاتا۔
اس مریض نے ہسپتال میں موجود کم از کم 4 مزید مریضوں کو وائرس سے متاثر کیا اور ان سب میں ہاضمے کی خرابی کی علامات ظاہر ہوئیں۔
ابھی سائنسدانوں کا خیال ہے کہ کورونا وائرس ممکنہ طور پر کھانسی یا چھینک سے خارج ہونے والے ذرات یا لعاب دہن کے ذریعے ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہوتا ہے۔
محققین نے یہ بھی انکشاف کیا کہ آئی سی یو میں داخل مریضوں کو پیٹ کے درد اور کھانے کی خواہش کم ہونے کی شکایات کا سامنا زیادہ بیمار نہ ہونے والے افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوا۔
محققین کا کہنا تھا کہ وائرس سے متاثر ہونے کے بعد سامنے آنے والی علامات سے ڈاکٹروں کو سنگین کیسز کی شناخت کرنے میں مدد ملے گی اور سائنسدانوں کے لیے بھی یہ سمجھنا آسان ہوگا کہ یہ وائرس کس طرح پھیل رہا ہے۔
اس نئی تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ اس وائرس سے ممکنہ طور پر ایسے معمر مرد زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں جو پہلے ہی کس بیماری کا شکار ہوں، کیونکہ تحقیق میں شامل 54 فیصد سے زائد مریض مرد تھے اور ان کی اوسط عمر 56 سال تھی۔
محققین کا کہنا تھا کہ اوسطاً وائرس کی علامات نمودار ہونے کے 10 دن بعد مریضوں کو حالت بگڑنے پر آئی سی یو میں داخل کیا گیا، تاہم ان کا خیال تھا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ مریض بخار ہونے سے قبل ہی وائرس کا شکار ہوچکے ہوں۔
انہوں نے یہ دریافت کیا کہ وائرس کی علامات نمودار ہونے کے 7 دن بعد مریضوں کو ووہان کے ہسپتال میں داخل کیا گیا اور اس تاخیر کے نتیجے میں وائرس کو پھیلنے میں مدد ملی۔
اس تحقیق میں شامل 140 کے قریب مریضوں میں لگ بھگ 30 فیصد طبی عملے کے افراد تھے۔
چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک 2770 اموات ہوچکی ہیں، جن میں سے زیادہ تر چین میں ہوئیں جبکہ جنوبی کوریا، ایران، اٹلی، فرانس، فلپائن، جاپان، تائیوان اور ڈائمنڈ پرنسز جہاز میں بھی ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں۔
کورونا وائرس جسے کووِڈ 19 کا نام دیا گیا ہے، سے اب تک چین سمیت 43 ممالک میں 81 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں پاکستان میں 2 کیسز بھی شامل ہیں۔
ایسا مانا جاتا ہے کہ دسمبر 2019 میں ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے یہ نیا کورونا وائرس پھیلنا شروع ہوا اور چین سے باہر 25 سے زائد ممالک تک پھیل گیا ہے۔
یہ ایک سینڈیکیڈیڈ فیڈ ہے. جس میں ادارہ نے کوئی ترمیم نہیں کی ہے. بشکریہ سچ نیوز پاکستان