نئی دہلی، 4 جنوری (یو این آئی) کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظردارالحکومت دہلی میں ویک اینڈ کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ہفتہ اور اتوار کو پوری دہلی میں کرفیو نافذ رہے گا۔دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے منگل کو کہا کہ دہلی میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن کیجریوال حکومت کسی بھی صورتحال سے لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اس کے پیش نظر دہلی حکومت نے آج کچھ اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں رات کے کرفیو کے ساتھ اب ہر ہفتہ اور اتوار کو بھی دن کا کرفیو لاگو ہوگا۔ تمام ضروری خدمات کے علاوہ تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے اور سرکاری ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ پرائیویٹ سیکٹر اپنے صرف 50 فیصد ملازمین کو دفتر میں بلا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ بس اسٹاپ اور میٹرو اسٹیشن کے باہر بہت زیادہ ہجوم کے پیش نظر یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب 50 فیصد کے بجائے میٹرو اور بسیں اپنی پوری صلاحیت سے چلیں گی۔ لیکن ماسک کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسٹر سسودیا نے مزید کہا کہ اب تک کے تجربات کی بنیاد پر ماہرین کا خیال ہے کہ کورونا کی نئی شکل اومیکرون مہلک نہیں ہے اور دہلی حکومت اس سے لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھبرائے بغیر کورونا سے متعلق رویے پر عمل کریں اور ماسک کو اپنا ہتھیار بنائیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی سمیت پورے ملک میں اومیکرون کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ہم نے بین الاقوامی رجحانات سے سیکھا ہے اور سمجھ لیا ہے کہ یہ وائرس کیسے برتاؤ کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماہرین کا خیال ہے کہ کورونا کا اومیکرون ویرینٹ زیادہ مہلک نہیں ہے۔ اس وقت دہلی میں تقریباً 11 ہزار لوگ متاثر ہیں۔ ان میں سے صرف 350
افراد اسپتال میں داخل ہیں اور 124 مریض آکسیجن بیڈ پر ہیں اور صرف سات افراد کو وینٹی لیٹر کی ضرورت ہے۔
مسٹر سسودیا نے کہا کہ ماہرین کا خیال ہے کہ اومیکرون کی علامات ہلکی ہیں اور متاثرہ افراد بہت جلد صحت یاب ہو رہے ہیں۔ لیکن اس سے دور رہنا ضروری ہے، اس لیے ہر ایک کو ماسک پہننا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق ہوم آئسولیشن انفیکشن سے صحت یاب ہونے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔ متاثرہ افراد اسی حالت میں اسپتال جاتے ہیں جب ان کی آکسیجن کی سطح کم ہو رہی ہو یا انہیں کسی اور مسئلے کا سامنا ہو۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کورونا سے لڑنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے گھبرائیں نہیں، ماسک کو اپنا ہتھیار بنائیں اور کورونا سے متعلق تمام ضوابط پر عمل کریں۔