کورونا پازیٹیو سچن تیندولکر ہسپتال میں بھرتی

نئی دہلی : کورونا وائرس سے متاثر لیجنڈ کرکٹر سچن تیندولکر اسپتال میں بھرتی ہوئے ہیں ۔ تیندولکر 27 مارچ کو کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے ۔ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد سچن تیندولکر نے خود کو گھر میں کوارنٹائن کرلیا تھا ۔ حالانکہ اب وہ ڈاکٹروں کے مشورہ پر اسپتال میں اپنا علاج کرائیں گے ۔ اس بات کی جانکاری سچن تیندولکر نے خود ٹویٹ کے ذریعہ دی ہے ۔ انہوں نے حال ہی میں رائے پور میں سابق کرکٹروں کے روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز چیلنج ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی ۔

سچن تیندولکر نے ٹویٹ کیا کہ آپ کی دعاوں کیلئے شکریہ ۔ ڈاکٹرس کے مشورہ کے تحت احتیاط کے طور پر مجھے اسپتال میں بھرتی کرایا گیاہے ۔ مجھے کچھ دنوں میں گھر واپس آنے کی امید ہے ۔ دھیان رکھیں اور سبھی کو محفوظ رکھیں ۔ ہمارے ورلڈ کپ جیت کی دسویں سالگرہ پر سبھی ہندوستانیوں اور میرے ساتھیوں کو مبارکباد ۔

 

بتادیں کہ دو ہفتے پہلے ہی سچن تیندولکر نے روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کے دوران انڈیا لیجنڈس ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ٹیم کو فائنل میں جیت دلائی تھی ۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستان نے سری لنکا لیجنڈس کو ہرایا تھا ۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد ہی سچن تیندولکر ، یوسف پٹھان ، عرفان پٹھان ور ایس بدری ناتھ پازیٹیو ہوچکے ہیں ۔

سچن تیندولکر 200 ٹیسٹ کھیلنے والے واحد کرکٹر ہیں ۔ انہوں نے اس فارمیٹ میں 15921 رن بنائے ہیں جبکہ ون ڈے میں 463 میچ کھیلنے والے اس سابق کرکٹر کے نام 18426 رن ہیں ۔ تیندولکر نے ون ڈے میں 49 اور ٹیسٹ میں 51 سنچریاں بنائی ہیں ۔