سری نگر: وادی کشمیر میں 12 جنوری کی علی الصبح سے جاری برف باری کے سلسلے نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو ایک بار پھر شدت اختیار کرلی جس دوران تمام بالائی و میدانی علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی۔ تاہم وادی کے میدانی علاقوں میں جمعرات کو دن کے وقت موسم خشک اور ابر آلود رہا جس دوران سورج نے بھی دن میں کئی بار بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کوششیں کیں۔
بھاری برف باری کی وجہ سے درجنوں علاقوں میں رہائشی مکانات اور دیگر ڈھانچے گر آئے ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں متعدد جگہوں پر برفانی تودے گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ نیز میدانی و بالائی علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔
یو این آئی اردو کو وادی کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بالائی علاقوں بشمول مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ میں 5 سے 12 فٹ برف کھڑی ہے جبکہ میدانی علاقوں بشمول وسطی کشمیر کے تین اضلاع میں ایک فٹ سے ساڑھے چار فٹ برف کھڑی ہے۔
اس دوران وادی میں شدید برف باری کی وجہ سے معمولات زندگی جمعرات کو مسلسل پانچویں روز بھی بری طرح متاثر رہے۔ دیہات کو ضلع ہیڈکوارٹروں سے جوڑنے والی اکثر سڑکیں زیر برف ہیں۔ سری نگر اور ضلع ہیڈکوارٹروں میں جن سڑکوں پر سے سنو کلیئرنس مشینوں کے ذریعے برف ہٹائی گئی ہے ان پر بھی بہت کم پبلک ٹرانسپورٹ اور نجی گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں۔
بھاری برف باری کی وجہ سے جہاں وادی کے بیشتر دیہات گزشتہ پانچ دنوں سے گھپ اندھیرے میں ہیں وہیں سری نگر اور ضلع ہیڈکوارٹروں میں بھی گزشتہ رات دیر گئے بجلی سپلائی منقطع ہوگئی۔ بیشتر شہری علاقوں میں محکمہ بجلی کے فیلڈ ورکروں نے ترسیلی لائنوں کو جنگی بنیادوں پر درست کرکے جمعرات کے دوپہر تک بجلی کی سپلائی بحال کر دی۔
محکمہ موسمیات کے علاقائی ناظم سونم لوٹس نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ جمعہ کے روز سے 20 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ 18 جنوری کو ہلکی درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔ سونم لوٹس کا کہنا تھا: ‘جمعہ کے روز سے موسم مجموعی طور پر ٹھیک رہے گا۔ 18 جنوری کو ہلکی درجے کی بارف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ 20 جنوری تک موسم ٹھیک ہی رہے گا’۔
یہ پوچھے جانے پر کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران یہ دیکھنے میں آیا کہ چلہ کلان میں زیادہ برف باری نہیں ہوتی تھی، تو ان کا کہنا تھا: ‘چلہ کلان میں اتنی برف باری ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اگر آپ کو ڈاٹا چاہیے تو آپ میرے دفتر آسکتے ہیں۔ چلہ کلان میں ہونے والی برف باری کے بہت فائدے بھی ہوتے ہیں’۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری موسمی بلیٹن کے مطابق وادی میں موسم 22 جنوری تک خراب ہی رہے گا اور اسی دوران کہیں کہیں پر برف باری یا بارشیں ہوں گی۔
شمالی کشمیر جہاں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو شدید برف باری ہوئی تھی، میں ایک بار پھر بھاری برف باری ہوئی ہے۔ شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے میدانی حصے میں اس وقت سات فٹ برف کھڑی ہے۔ گلمرگ سے ایک صحافی نے یو این آئی اردو کو فون پر بتایا: ‘یہاں میدانی حصے میں اس وقت قریب سات فٹ برف کھڑی ہے۔ اوپری حصوں جیسے کونگ ڈوری اور افروٹ میں کم از کم دس فٹ برف کھڑی ہے’۔






یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو