ڈاکٹر منموہن سنگھ کے سانحہ ارتحال پر مہاراشٹر کانگریس نے تعزیت پیش کی
ملک بھر میں غم کی لہر، حکومت کا سات روزہ قومی سوگ کا اعلان

ممبئی (آفتاب شیخ)
ہندوستان کے سابق وزیرِ اعظم اور عالمی شہرت یافتہ ماہرِ معیشت ڈاکٹر منموہن سنگھ کے سانحہ ارتحال کی خبر نے پورے ملک کو غمزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے 26 دسمبر 2024 کو نئی دہلی کے ایمس اسپتال میں آخری سانس لی۔ ان کے سانحہ ارتحال پر حکومت نے سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، جو 26 دسمبر سے 1 جنوری 2025 تک جاری رہے گا۔ اس دوران قومی پرچم سرکاری عمارتوں اور بھارتی سفارت خانوں میں نیم سرنگوں رہے گا اور کوئی بھی سرکاری تفریحی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کی خدمات، خصوصاً ان کی معیشت کے میدان میں کامیاب قیادت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کو یاد کرتے ہوئے ملک بھر میں تعزیتی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے بھی دادر ممبئی میں واقع صدر دفتر تلک بھون میں ایک خصوصی تعزیتی نشست کا انعقاد کیا، جس میں کانگریس کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
تعزیتی تقریب میں مہاراشٹر کانگریس کے جنرل سکریٹری مناف حکیم نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی تصویر پر پھول نچھاور کرتے ہوئے ان کی قومی خدمات کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ نہ صرف ایک ماہرِ معیشت تھے بلکہ ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے عالمی اقتصادی بحران کے دوران بھارت کی معیشت کو مستحکم کر کے دنیا کو اپنی قیادت کا لوہا منوایا۔
تقریب میں دیگر کانگریسی رہنما، جیسے راجن بھوسلے، راجیش شرما، ڈاکٹر امرجیت سنگھ منہاس، دتا ناندے، زمین دار یادو، سابق ایم ایل اے سبھاش چوہان، پونم آریا، شیوجی سنگھ،ونے رانے اور دیگر شخصیات نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ مناف حکیم نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی بصیرت اور قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال ملک اور کانگریس کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
تعزیتی پروگرام کے اختتام پر کانگریس رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈاکٹر سنگھ کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور ان کے عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔