تھانے میونسپل کارپوریشن کی زبردستی وصولی کے سخت اقدامات پر پا بندی کا مطالبہ جتنتدر اوہاڈ کی قیادت میں شمیم خان، شانو پٹھان، مرز یہ پٹھان نے میونسپل کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا

تھانے میونسپل کارپوریشن کی زبردستی وصولی کے سخت اقدامات پر پابندی کا مطالبہ
جتنتدر اوہاڈ کی قیادت میں شمیم خان، شانو پٹھان، مرزیہ پٹھان نے میونسپل کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا

تھانے (آفتاب شیخ)
ممبرا، کلوا اور دیوا کے شہریوں نے تھانے میونسپل کارپوریشن کے بقایا پراپرٹی ٹیکس اور پانی کے بل کی وصولی کے سخت اقدامات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ عوام کی شکایات کو اجاگر کرنے کے لیے ایم ایل اے ڈاکٹر جیتندر آوہاڑ کی قیادت میں ایک وفد نے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ سے ملاقات کی اور میمورنڈم پیش کیا۔ اس وفد میں این سی پی (شردپوار گروپ) کے رہنما شمیم خان، سابق اپوزیشن لیڈر اشرف (شانو) پٹھان، سماجی کارکن مرزیہ پٹھان اور دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔
شمیم خان نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کارپوریشن شہریوں کے گھریلو سامان ضبط کرنے، گھروں اور دکانوں کو سیل کرنے اور پانی کے کنکشن کاٹنے جیسے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ کارروائیاں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے انجام دی جا رہی ہیں، جس سے عوام میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ وفد نے میمورنڈم میں مطالبہ کیا کہ فوری طور پر زبردستی وصولی کے ان اقدامات کو روکا جائے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ 2008 تک کے غیر قانونی تعمیرات پر تین گنا ٹیکس ختم کیا جائے اور انہیں قانونی حیثیت دی جائے۔ اس کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ہر مکان اور دکان کو الگ ٹیکس دہندہ کے طور پر رجسٹر کرنے کی سفارش کی گئی۔
شمیم خان نے انتباہ دیا کہ اگر تھانے میونسپل کارپوریشن نے ان مطالبات پر فوری عمل نہ کیا تو عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کیا جائے گا۔ ایم ایل اے ڈاکٹر جیتندر آوہاڑ نے کمشنر سوربھ راؤ سے درخواست کی کہ وہ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لیں اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پراپرٹی ٹیکس اور پانی کے بل کی وصولی میں انسانیت پر مبنی رویہ اپنانا ضروری ہے۔
یہ ملاقات تھانے میونسپل کارپوریشن کی پالیسیوں میں تبدیلی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی طرف ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اس معاملے پر مثبت اور فوری فیصلہ کرے گا۔