ہندوستان نے آج انگلینڈ کے خلاف پونے میں کھیلے گئے چوتھے ٹی-20 میچ کو 15 رنوں سے جیت کر 5 ٹی-20 میچوں کی سیریز پر قبضہ کر لیا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے 20 اوورس میں 181 رن بنائے تھے اور یہ اسکور انگلینڈ کے لیے ناقابل رسائی ثابت ہوا۔ ہندوستانی ٹیم کی جیت کے ہیرو شیوم دوبے اور ہاردک پانڈیا رہے۔ گیندبازی میں روی بشنوئی، ورون چکرورتی اور ہرشت رانا نے اہم کردار ادا کیا۔
ایک وقت انگلینڈ کی ٹیم جیت کی راہ پر تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔ سلامی بلے بازوں نے 6 اوورس میں 62 رنوں کی طوفانی شروعات دی تھی۔ پھر کچھ وکٹ جلدی جلدی گر گئے، لیکن ہیری بروک نے محض 26 گیندوں پر 51 رن بنا کر انگلینڈ کو میچ میں واپس لا کھڑا کیا۔ پھر ورون چکرورتی نے ایک ہی اوور میں ہیری بروک اور برائیڈن کارس کو پویلین بھیج کر میچ کا رخ ہندوستان کی طرف موڑ دیا۔ ہرشت رانا کی بھی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے 12ویں، 16ویں اور 19ویں اوورس میں اہم وکٹ لے کر ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ آخری اوور میں عرشدیپ سنگھ نے ثاقب محمود کو آؤٹ کر ہندوستان کو جیت سے ہمکنار کر دیا۔
آج ہندوستانی ٹیم کی بلے بازی شروع میں اچھی نہیں رہی۔ دوسرے ہی اوور میں اس نے 3 وکٹ گنوا دیے۔ ثاقب محمود نے ایک ہی اوور میں سنجو سیمسن، تلک ورما اور سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کر کے سنسنی مچا دی۔ اس کے بعد ابھشیک شرما (19 گیندوں پر 29 رن) اور رنکو سنگھ (26 گیندوں پر 30 رن) نے ٹیم کو سنبھالا۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاردک پانڈیا اور شیوم دوبے نے انگلش گیندبازوں کی خوب دھنائی کی۔
دونوں کھلاڑیوں نے طوفانی نصف سنچری (53-53 رن) بنائی۔ ان دونوں کی بدولت ہندوستانی ٹیم 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 181 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ شیوم دوبے کو ان کی بہترین اننگ کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔