ممبئی کانگریس کے دفتر میں پلوامہ حملے میں شہید ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

ممبئی: جموں کشمیر کے پلوامہ میں فوج کے قافلے پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی جس قدر بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ ملک پر حملہ ہے۔ گوکہ ہماری پارٹی علاحدہ ہے، اس کے باوجود چونکہ یہ ملک کے وقار اور تحفظ کا معاملہ ہے، اس لئے ہم دہشت گردانہ حملے کے خلاف حکومت کے ساتھ ہیں۔ ہمارا سیکوریٹی نظام اس حملے کا بھرپور جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہے، اسے اس کا بھرپور اور سخت جواب دینا چاہئے۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اشوک چوہان نے کہی ہیں۔ پلوامہ میں پاکستانی دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے آج ممبئی کانگریس کے دفتر میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا، اشوک چوہان اس موقع پر خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پلوامہ کا حملہ ملک پر حملہ ہے۔ یہ ابھی تک کاسب سے بڑا دہشت گردانہ حملہ ہے جس میں40 سے زائد ہمارے فوجی جوان شہید ہوئے ہیں۔ اس حملے میں مہاراشٹر کے بھی ۲ جوان شہید ہوئے ہیں۔ ان تمام جوانوں کو میں دلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اس بھیانک حملے کے خلاف پورے ملک میں زبردست غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ پورے ملک میں شدید ناراضگی ہے۔ دہشت گردانہ حملوں کی پشت پناہی کرنے والے پاکستان کو بھرپور جواب دینے کی ضرورت ہے اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں کانگریس پارٹی حکومت کے ساتھ ہے۔
اس موقع پر ممبئی کانگریس کے صدر سنجئے نروپم نے کہا کہ پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ۴۴ جوان شہید ہوئے ہیں۔ انہیں میں ممبئی کانگریس کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اپنے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے انہوں نے اپنے جانوں کی قربانی دی ہے۔ مجھے اس بات کا یقین ہے کہ ان کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے جو دہشت پھیلائی جارہی ہے اس کا منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے اور دہشت گردی کے خلاف حکومت جو بھی کارروائی کرے گی، اس میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ اس معاملے میں کسی بھی طرح کی سیاست کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ ملک کی سلامتی کا معاملہ ہے۔
خراجِ عقیدت پیش کرنے کے اس پروگرام میں ممبر پارلیمنٹ راجیوگوڑا، راجیہ سبھا ممبر حسین دلوائی، سابق ممبر پارلیمنٹ بھالچندر منگیکر، آل انڈیا کانگریس کے سکریٹری آشیش دوا، آل انڈیا کانگریس شعبہ خواتین کی سکریٹری نغمہ مورارجی، سابق وزیر سریش شیٹی، ایم ایل اے امین پٹیل، بھائی جگتاپ، سابق ایم ایل اے چرن سنگھ سپرا، یوسف ابراہانی، مدھوچوہان، ٹی وی اداکارہ شلپا شندے، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری راجن بھوسلے، پرتھوی راج ساٹھے، ممبئی کانگریس کے جنرل سکریٹری بھوشن پاٹل اور کانگریس پارٹی کے دیگر عہدیدران وکارکنان شریک تھے۔