ویلنٹائن ڈے پر ’شاہین باغ‘ نے پی ایم مودی کو بھیجا ’پیار بھرا پیغام‘

دہلی کے شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف تقریباً دو مہینے سے مظاہرہ کر رہی خواتین کا کہنا ہے کہ 14 فروری یعنی آج ویلنٹائن ڈے پر وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو پیار کا پیغام دینا چاہتی ہیں۔ شاہین باغ میں گزشہ تقریباً دو مہینے سے خواتین اور بچے سڑک پر بیٹھ کر مظاہر کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کالندی کنج-سریتا وہار روڈ بند ہے۔ مظاہرہ کرنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ ’’حکومت کا کوئی نمائندہ آئے، ہم سے بات کرے اور ہم کو یقین دلائے کہ حکومت قانون واپس لے رہی ہے۔‘‘

ویلنٹائن ڈے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے نام پیغام بھیجنے کا سلسلہ جمعرات کو ہی سوشل میڈیا پر شروع ہوگیا تھا جس میں ہیش ٹیگ ’مودی تم کب آؤگے‘ خوب وائرل ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے شاہین باغ کے لوگ احتجاج کے مقام پر ’ٹیڈی بیئر‘ لے کر پہنچے اور یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ ’’وزیر اعظم مودی جی، آپ آئیے اور ہم سے بات کیجیے، نفرت مت کیجیے۔‘‘ 13 فروری کو احتجاجی مظاہرہ میں ایک خاتون نے یہ پیغام دیا کہ’’شاہین باغ آئیے، پیار کے تہوار کا جشن منایئے، پیار بانٹیے اور اپنا تحفہ لے کر جائیے۔‘‘

ویسے شاہین باغ کے کچھ مظاہرین پی ایم نریندر مودی کے لیے ویلنٹائن ڈے پر خاص پیغام بھیجنے سے سے خفا بھی نظر آ رہے ہیں۔ کچھ خواتین کا کہنا ہے کہ جامعہ میں دو دن پہلے طلبا کے ساتھ مار پیٹ کی گئی اور اب اس طرح کا پیغام شاہین باغ سے بھیجنا ایک غلط قدم ہو سکتا ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading