وصولی پوسٹر: ہائی کورٹ نے متکبر حکومت کو لتاڑ لگائی، اکھلیش

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے متکبر حکومت کو لتاڑ لگائی ہے جس سے آئین کی جیت ہوئی ہے۔ اکھلیش نے اپنے والد اور پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کے ساتھ پیر کے روز سیفئی میں واقع کوٹھی کے احاطہ میں کارکنوں کے ساتھ ہولی کا تہوار منایا۔ اس دوران انہوں نے یہ تبصرہ کیا۔

اکھلیش یادو نے کہا، ’’ہائی کورٹ نے آج متکبر حکومت کو لتاڑ لگائی ہے۔ اس سے آئین کی جیت ہوئی ہے اور حکومت کو دھکا لگا ہے۔ جس طرح حکومت نے مظاہرہ کرنے والوں کے پوسٹر لگائے تھے، اب حکومت کو یہ پوسٹرز ہٹانا ہوں گے۔‘‘

ایس پی سربراہ نے کہا، ’’سی اے اے کے نفاذ کے بعد دنیا میں ہندوستان کی بدنامی ہوئی ہے۔ بی جے پی کو کسی سے مطلب نہیں، اس کا مطلب صرف کرسی سے ہے۔ ہم سماجوادیوں کو ان لوگوں سے ملک اور صوبہ کو محفوظ رکھنا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’میں نے پارلیمنٹ میں کچھ سوالات اٹھائے تھے، بی جے پی حکومت کے وزرا ان کا جواب نہیں دے سکے۔ بی جے پی حکومت لوگوں کی مشکلات سے منہ موڑ رہی ہے۔‘‘ اس دوران ملائم سنگھ نے کارکنوں سے کہا، ’’اگلے سال بھی ہولی منانے یہاں آئیں۔‘‘

ملائم سنگھ نے بڑی تعداد میں کارکنان کے پہنچنے پر انہیں شکریہ ادا کیا اور ہولی کو مبارکباد پیش کی۔ شیوپال سنگھ یادو اس ہولی پروگرام میں شریک نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے پیر کے روز اترپردیش حکومت کو حکم دیا ہے کہ 16 مارچ سے قبل سی اے اے مخالف مظاہرین کے ان بینر پوسٹروں کو ہٹا لیا جائے جنہیں لکھنؤ کی سڑکوں پر نصب کرایا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ملزمان کے پوسٹر لگانا ان کی پرائویہسی میں حکومت کی غیرضروری مداخلت ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading