ناندیڑمیں بادل پھٹ پڑا ٗ طوفانی بارش، جمعہ کواسکول و کالج کوتعطیل، شہری حدود میں پانی گھروں میں داخل

ناندیڑ:27؍جولائی(ورق تازہ نیوز)ناندیڑشہر وضلع میں آج بھیانک وشدیدترین بارش ہورہی ہے۔کل رات سے بارش کاآغاز ہوا اور آج بروزجمعرات کود وپہر بعد حالات کافی سنگین بن گئے اوردیکھتے ہی دیکھتے ساراشہرتالاب بن گیا ۔ہر گلی چوراہے اور دیگر اہم شاہراہیںتالاب نظر آرہی تھیں۔آج کی بارش مسلسل کئی گھنٹوں سے جاری ہے ایسا لگ رہاہے جیسے بادل پھٹ گئے ہے ۔

آج سبھی نشیبوں علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ قدیم شہر کے قدوائی نگر چوراہے پر دبک پُل کی صورتحال انتہائی سنگین بنی ہوئی تھی اور یہاں پرپانی سڑکوں اور گلیوں سے گزرتے ہوئے تیزرفتار سے جارہاتھا۔اسلئے یہاںپر مقامی نوجوانوں نے حفاظتی انتظامات کئے تھے۔اس بھیانک صورتحال کے پیش نظر ناندیڑ ضلع میں کل جمعہ کو اسکولوں وکالجس کو عام تعطیل دے دی گئی ہے۔

بدھ کی شب سے شروع ہونے والی بارش نے ناندیڑضلع میں تباہی مچادی ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔کنوٹ کے بیلوری نالے میں ایک شخص بہہ گیا۔ کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ ٹوٹ گیاہے ۔ ادھر ناندیڑ شہر میں بھی بارش نے قہر مچارکھاہے۔ شہر کی تمام سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ نشیبی علاقوں میں کئی فٹ تک پانی جمع ہوگیا ہے ۔ نالوں اور بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیاہے ۔کچی بستیوں کے کچے مکانوں کے مکینوں کا توبڑا بُراحال ہے۔

ہر طرف ہاہاکار مچی ہوئی ہے۔اگر بارش کاسلسلہ اسی طرح جاری رہاتب صورت حال کافی خراب ہوسکتی ہے۔وہیں اس موسلادھار بارش نے ضلع میں بھی قہر مچارکھاہے۔ ناندیڑ ضلع کے کل 7 منڈلوں میں، بلولی تعلقہ میں ایک، بھوکر تعلقہ میں ایک اور کنوت تعلقہ کے 5 میں بھاری بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ضلع کے کنوٹ تعلقہ میں بدھ کی رات سے موسلادھار بارش جاری ہے۔

جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔بیلوری گاؤں جانے والی سڑک پر موجود نالہ میں طغیانی آگئی ہے۔نالہ پربنے پُل پر سے پانی بہہ رہاہے اس کےباوجود کچھ گاؤں والے اس پانی کو عبور کرنے کی ہمت کررہےہیں۔اسی دوران بیلوری کے 40 سالہ اشوک دونیور پل کو عبور کرتے ہوئے پانی میں بہہ گیاہے۔