ممبی:مہاراشٹر میں مانسون کی شدید بارشوں نے ریاست کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ گزشتہ 24 مگھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث اچانک سیلاب، دریاؤں میں طغیانی، عمارتوں اور دیواروں کے منہدم ہونے اور درخت گرنے جیسے متعدد واقعات پیش آئے۔
ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق یکم جون سے اب تک ریاست میں مختلف بارش سے متعلق حادثات میں 62 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 200 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ ایک دن کے دوران ساحلی اور مغربی اضلاع میں غیر معمولی بارش ریکارڈ کی گئی۔
تھانے میں 196.9 ملی میٹر، پالگھر میں 185.4 ملی میٹر، رائے گڑھ میں 134.1 ملی میٹر، ممبئی مضافات میں 125 ملی میٹر اور پونے میں 69.4 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یکم جون سے اب تک ہونے والی مجموعی بارش کے اعتبار سے تقریباً تمام اضلاع معمول سے کہیں زیادہ بارش کے زمرے میں پہنچ چکے ہیں۔ پالگھر میں معمول سے 457.3 فیصد اور پونے میں 435.4 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔