مہاراشٹر میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ایم آئی ایم کا ریاست گیر مظاہرہ کا اعلان

اورنگ آباد، 15دسمبر (یو این آئی) آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے اتوار کو شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور قومی شہریت رجسٹر کے خلاف 20دسمبر کو پوری ریاست میں تحریک چلانے کا اعلان کیا۔اے آئی ایم آئی ایم کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل نے یہاں کے صوبیدار گیسٹ ہاوس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شہریت ترمیمی بل منظور ہونے سے ایک خاص کمیونٹی کے دل میں خوف پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی سی اے اے اور این آر سی کے خلاف تھی۔ مسٹر جلیل نے کہاکہ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی ے لوک سبھا میں بل کی کاپی پھاڑ کر پارٹی کا موقف واضح کردیا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے رکن پارلیمان نے اعلان کیا کہ 20 دسمبر کو تحریک کرنے کے علاوہ پارٹی متعلقہ مقامات پر حکام کو میمورنڈم سونپے گی۔انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد میں دو بجے آزاد چوک سے مارچ شروع ہوگا اور ڈویزل کمشنر دفتر تک پہنچے گا۔