ملک میں کچھ ہی مقامات پر آگے بڑھے گا لاک ڈاون

نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کے درمیان ملک میں لاک ڈاون کی مدت بڑھائی جائےگی یا نہیں اس پر و ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور مرکزکے زیر انتظام ریاستوں کے منتظمین اورلیفٹیننٹ گورنرسے تبادلہ خیال کےبعد فیصلہ لیں گے۔ موصولہ اطلاعات کےمطابق ہفتہ کو وزرائے اعلیٰ، منتظمین اورلیفٹیننٹ گورنرسے وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ رابطہ قائم کریں گے۔

وزرائے اعلیٰ کے ساتھ گزشتہ میٹنگ میں وزیراعظم نریندر مودی نےلاک ڈاون ہٹانے کو لےکر مشورہ طلب کئے تھے، تاکہ غریب اور دہاڑی مزدوروں کی پریشانی ختم ہوسکے۔ حکومت منصوبہ بند طریقےسےلاک ڈاون ختم کرنا چاہتی ہے۔ مرکزی حکومت سے منسلک ذرائع کا کہنا ہےکہ مرکز ان مقامات سے پابندی ہٹانے کو تیار ہے، جہاں کووڈ -19 کے معاملےنہیں آرہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ کئی سکریٹریوں کے ساتھ نیتی آیوگ کے اعلیٰ افسران کا ماننا ہےکہ 15 اپریل کے بعد بھی مکمل طورپرلاک ڈاون کے سبب معیشت کو کافی نقصان ہوگا۔ وہ ان علاقوں میں پابندی ختم کرنےکے حق میں ہیں، جو ’ریڈ زون’ نہیں ہیں۔

واضح رہےکہ موجودہ لاک ڈاون کی مدت 21 دن کی ہے جو 14 اپریل کی نصف شب ختم ہوجائےگی۔ اس سے پہلے کئی ریاستوں نے اپنی تشویش کا اظہارکیا ہے۔ بدھ کی صبح 9 بجے وزارت صحت کی طرف سے جاری کئےگئے اعدادوشمارکے مطابق پورے ملک میں 5194 معاملے درج کئےگئے، جس میں 4643 کیس ایکٹیو ہیں اور 401 مریض اسپتال سے ڈسچارج کئے جاچکے ہیں۔ وہیں 149 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی ایک مریض بیرون ملک شفٹ ہوچکا ہے۔