کلکتہ 27اگست(یواین آئی) مغربی بنگال میں مسلمانوں میں پکڑمضبوط بنانے کیلئے بنگال بی جے پی نے مفیضہ خاتون کو ریاستی بی جے پی کا نائب صدر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ سابق آئی پی ایس آفیسر بھارتی گھوش جو ایک زمانے میں ممتا بنرجی کی قریبی پولس آفیسر تھیں کو بھی نائب صدر بنایاجارہا ہے۔مفیضہ خاتون نے مسلم اکثریتی لوک سبھا حلقہ جنگی پور سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا۔گرچہ انہیں کامیابی نہیں ملی تاہم انہوں نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ و سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے فرزند ابھیجیت مکھرجی سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے مرکزی قیادت کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے میں کامیاب ہوگئی۔انتخابی مہم کے دوران انہوں نے مسلم حلقوں میں اپنی پکڑ مضبوط بنالی تھی۔چنانچہ لوک سبھا انتخابات کے بعددزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سی پی ایم کے سابق ممبراسمبلی کو بڑی ذمہ داری سوپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسمبلی انتخابات میں اب جب کہ دو سال سے بھی کم وقت کا وقفہ ہے تو ایسے میں بی جے پی میں ریاست کے تمام طبقات تک مفوضہ خاتون کے ذریعہ پہنچنے کی کوشش کررہی ہے۔دوسری جانب بھارتی گھوش کو بھی بڑی ذمہ داری دے کر بی جے پی نے ترنمول کانگریس کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ حکومت کے خلاف بی جے پی کے تیور آئندہ مزید سخت ہونے والے ہیں۔
بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ اگلے اسمبلی انتخاب میں بنگال میں بی جے پی کاجھنڈا ہی لہرے گا اس لیے پارٹی نے ریاست کے تمام طبقات اور گروپ کے درمیان یکساں مقبولیت حاصل کرنے اور پارٹی کی امیج کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔