مجھے پتا نہیں تھا کہ کورونا ہوتا کیا ہے۔۔۔ خدا کا واسطہ ہے احتیاط کریں: مولانا طارق جمیل کی درد مندانہ اپیل : ویڈیو دیکھیں

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث گذشتہ کئی ماہ سے جعلی خبروں اور جھوٹے دعوؤں کا بازار گرم ہے اور ایسے میں جہاں حکومتیں آگاہی کے لیے اشتہارات کا سہارا لے رہی ہیں وہیں مذہبی رہنماؤں کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔

ایسا خاص طور پر اس لیے بھی ہے کیونکہ مذہبی رہنماؤں کے لاکھوں مداح ہوتے ہیں اور عوام میں ان کی بات کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ ایسے ہی ایک مقبول مذہبی شخصیت طارق جمیل بھی ہیں۔
طارق جمیل رواں ماہ ہی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے اور انھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ان کی آفیشل یوٹیوب اکاؤنٹ سے جمعرات کے روز جاری کی گئی ویڈیو میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی تدابیر اپنائیں۔

اس ویڈیو میں وہ کہتے ہیں کہ ‘کورونا کی پہلی لہر میں میں نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کروائی تھی لیکن ’مجھے پتا نہیں تھا کہ کورونا ہوتا کیا ہے، اس دفعہ میں خود اس کی لپیٹ میں آیا ہوں اور خدا نے مجھے صحت بخشی ہے۔

‘میری آپ سے اپیل ہے کہ یہ ایک بلا ہے، آفت ہے۔۔۔ میں لمبی بات کر نہیں سکتا لیکن بس آپ سے اپیل ہے کہ خدا کا واسطہ ہے احتیاط کریں۔’

طارق جمیل کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالورز ہیں۔ ان کے یوٹیوب اکاؤنٹ پر ہی انھیں 46 لاکھ سے زیادہ افراد فالو کرتے ہیں۔ ایسے میں یقیناً ان کی جانب سے دیے گئے پیغام کو خاصی اہمیت بھی حاصل ہے اور اس کی رسائی بھی اچھے خاصے لوگوں تک ہے۔

ان کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے اکثر افراد ان کا یہ پیغام شیئر کر رہے ہیں اور لوگوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی درخواست کر رہے ہیں۔
،تصویر کا ذریعہ
Twitter/TariqJamilOFCL
جہاں اس ویڈیو میں طارق جمیل بار بار لوگوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی درخواست کر رہے ہیں وہاں یہ بات بھی خاصی نمایاں ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ان کی صحت پر کافی اثر پڑا ہے۔
وہ عام طور پر اپنی خوش الہانی کی وجہ سے جانے جاتے ہیں لیکن اس ویڈیو میں بمشکل جملے ادا کر پا رہے ہیں اور اس بات کا اعتراف خود بھی کرتے ہیں کہ ان سے بولا نہیں جا رہا۔

،تصویر کا ذریعہ
Twitter/RazmizAhsan

‘طارق جمیل کو دیکھ کر کانپ گیا’

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اکثر افراد نے طارق جمیل کی جلد صحتیابی کے بھی دعا کی اور ایک صارف نے لکھا کہ وہ تو طارق جمیل کی ویڈیو دیکھ کر ’کانپ‘ گئے۔

ایک اور صارف نے لکھا ’جو افراد اس وائرس سے گزرے ہیں انھیں ہی معلوم ہے کہ یہ کتنی بری چیز ہے اور کیوںکہ ہماری عوام مذہبی شخصیات کی بات سنتی ہے اس لیے اس ویڈیو کو دیکھیے اور ان کے پیغام پر عمل کریں۔ انھیں اب بھی بات کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔’
اسی طرح متعدد صارفین طارق جمیل کے پیغام سے متاثر ہوتے بھی دکھائی دیے اور انھوں نے ان کی صحت کے لیے دعا کرتے ہوئے یہ ویڈیو شیئر بھی کی۔

مولانا طارق جمیل کا متنازعہ بیان

یاد رہے کہ مولانا طارق جمیل کی جانب سے رواں برس کے اوائل میں کورونا وائرس سے متعلق دیے گئے ایک بیان پر خاصی تنقید ہوئی تھی۔

انھوں نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ کے لائیو ٹیلی تھون کے دوران ایک خصوصی دعا سے قبل ایسی وجوہات بیان کیں جو ان کے خیال میں ‘خدا کی ناراضی’ کا باعث ہو سکتی ہیں۔

کورونا کی وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے میڈیا کی جانب سے بولے جانے والے متواتر ‘جھوٹ’ اور ’معاشرے میں پھیلتی بےحیائی‘ کا ذکر کیا تھا جس کے لیے انھوں نے خواتین کے لباس کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔

Leave a comment