ناندیڑ میں ممنوعہ گٹکھا و پان مسالہ کی بڑی کھیپ ضبط، ایک ملزم گرفتار

ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز) مہاراشٹر میں گٹکھا اور خوشبودار پان مسالہ پر عائد پابندی کے باوجود اس کی غیر قانونی فروخت کے خلاف مہاراشٹر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ناندیڑ رورل پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس کارروائی میں 30 لاکھ 63 ہزار 650 روپے مالیت کا ممنوعہ سامان اور گاڑی ضبط کی گئی۔پولیس کے مطابق 16 مئی 2026 کو شام تقریباً 6 بجے ناندیڑ کے کاندا مارکیٹ چوک علاقے میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ناکہ بندی کی گئی۔

اطلاع ملی تھی کہ ایک بولیرو پِک اپ گاڑی کے ذریعے بڑی مقدار میں گٹکھا اور خوشبودار پان مسالہ غیر قانونی طور پر شہر میں سپلائی کیا جا رہا ہے۔ پولیس ٹیم نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم تعاقب کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی شناخت رئیس محمد عامر محمد (عمر 31 سال، ساکن عادل آباد، تلنگانہ) کے طور پر ہوئی ہے۔

تلاشی کے دوران گاڑی سے مختلف کمپنیوں کے ممنوعہ گٹکھا اور پان مسالہ کے پیکٹس برآمد ہوئے، جن میں ویمل، راج نواس، پان سمراٹ، علی بابا، ایس آر-1 اور دیگر برانڈ شامل ہیں۔ ضبط شدہ سامان میں مہندرا بولیرو پیک اپ بھی شامل ہے۔یہ کارروائی اویناش کمار (پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ) کی ہدایت پر انجام دی گئی، جبکہ پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولکر اور سب انسپکٹر وینکٹ کسمے نے اہم کردار ادا کیا۔پولیس نے ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

عدالت میں پیشی کے بعد ملزم کو دو دن کی پولیس کسٹڈی میں بھیج دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading