مالیگاؤں(عامر ایوبی/پریس ریلیز)
شہر عزیز کے طلبہ و طالبات نے ایک نئی تاریخ رقم کی ۔ شہر میں شیطان کی آنت کی طرح بڑھتے ناجائز تجاوزات کے خلاف شہر کی درسگاہوں کے پچاس ہزار سے زائد طالبان علم نے تجاوزات کے خلاف اپنا شدید احتجاج درج کرایا ۔
کل صبح کی اولین ساعتوں ہی سے طلبہ و طالبات اپنی پوری تیاری کے ساتھ اسکول پہنچے تھے ۔ اس مثالی اتحادی مظاہرے میں ہر مکتبہ فکر کے افراد نے حصہ لیا۔ ہزاروں ہزاروں افراد اور طلبہ و طالبات کے ایک ٹھاٹھیں مارتے سمندر سے مالیگاوں عوامی پارٹی کے صدر رضوان بیٹری والا نے خطاب کیا۔ آج کا دن شہر عزیز کی تاریخ میں سیاہ حرفوں میں لکھا جائے گا کہ ہمارے معمار قوم جن کے ہاتھوں میں مستقبل کی کنجی ہے اپنے ان ہی ننھے منے ہاتھوں میں تختیاں اٹھائے تجاوزات کے خلاف سڑک پر اتر آئے ہیں ۔ صدر موصوف نے ارباب اقتدار پر زبردست چوٹ کی اور موجودہ ایم ایل اے آصف شیخ رشید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کی یادگار سے ریزرویشن کے لئے پیدل مارچ کرکے تعلیم دوست کا خطاب حاصل کرنے والے ایم ایل اے نے بھی طالبہ و طالبات کو ہورہی دشواریوں پر توجہ نہیں دی ۔ مسٹر بیٹری والا نے ایم ایل اے کے بعدموجودہ میئر شیخ رشید کو بھی نہیں بخشا اور میئر موصوف پر بھی جم کر تنقید کی کہ میئر نے بھی اپنا وعدہ وفا نہ کیا اور تجاوزات ہٹانے کا اعلان کرنے کے باوجود ہٹایا نہیں گیا ۔ مالیگاوں عوامی پارٹی کے صدر رضوان بیٹری والا نے اس پر بھی بس نہیں کیا کہ اور سابق ایم ایل اے مفتی محمد اسمعیل قاسمی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اپنے خطاب کے آخر میں موصوف نے میونسپل کمشنر کو انتباہ دیا کہ اگر 7 روز کے اندر ان ناجائز قبضہ جات کو ہٹایا نہیں گیا تو میں کمشنر آفس کے سامنے خود کو زندہ نذر آتش کردوں گا ۔ رضوان بیٹری والا کے اس اعلان کی تائید و حمایت میں عوام نے تالیاں بجائیں ۔ناجائز تجاوزات کے خلاف سابق ایم ایل اے مفتی محمد اسمعیل قاسمی نے بھی اپنی تائید و حمایت پیش کی اور شریعت کی بنیاد پر حرام حلال کی تمیز سے آگاہ کیا کہ اگر ہم کسی کی ایک انچ زمین بھی لیتے ہیں تو یہ شرعا حرام ہے ۔ شہر کی درجنوں اہم ترین شاہرائیں تجاوزات کی آماجگاہ بنی ہوئی ہیں جو کہ مسلم قوم کے لئے شرم کا باعث ہے ۔اس احتجاجی مظاہرے میں اسکولی بچوں نے بھی اسٹیچ سے اپنی تکالیف کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر الحاج جمیل کرانتی،کاکانی مراٹھی ہائی اسکول کے ستیش کلنتری،نکھل پوار سمیت کئی اور معززین شہر نے تقاریر کیں ۔آخر میں ڈپٹی کمشنر گوساوی اور نائب تحصیلدار کو جے اے ٹی کیمپس کے چئرمین نہال انصاری،رضوان بیٹری والا سمیت ہزاروں طلباء و طالبات کی موجودگی میں شکایتی مکتوب پیش کیا گیا ۔