عید الفطر تک ناندیڑ کے بازاروں کو کھولنے کی اجازت نہ دی جائے

ناندیڑ:14مئی۔(ورق تازہ نیوز) : کُل جماعتی تحریک ناندیڑ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیاگیاہے کہ عیدالفطر تک شہر کے مارکٹ وبازاروں کو کھولنے کی اجازت نہ دی جائے۔ ضلع کلکٹر کو کُل جماعتی تحریک کی جانب سے ایک محضر پیش کیاگیا جس میں کہاگیا ناندیڑ شہر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتاجارہاہے ، اسی طرح مہاراشٹر کی صور تحال بھی سنگین ہے۔ اسی صورت حال میں شہر میں مارکٹ ، بازار کھولنے کی اجازت دیدی جاتی ہے تو بازاروں میں بڑے پیمانے پر ہجوم ہوجائے گا اور سماجی دوری کی دھجیاں اڑجائیں گی۔

دیکھا جارہاہے کہ ۸۰فیصد کورونا متاثرین میں کورونا کی علامتیں ظاہر نہیں ہورہی ہیں ایسے میں اگر وہ شخص پُرہجوم بازار میں چلاجائے تو اس کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ سے انکارنہیں کیاجاسکتا۔ محضر میں مزید کہاگیا کہ وزیراعلیٰ مہاراشٹر مسٹرادھو ٹھاکرے عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے سخت کوشاں ہیں،جس میں بشمول دیگرطبقات مسلم طبقہ بھی ان کے ساتھ ہے ۔ عنقریب مسلمانوں کی سب سے بڑی عید ،عیدالفطر منائی جائے گی، ایسے میں اگر بازاروں کو کھولنے کی اجازت دیدی جاتی ہے تو مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد بازاروں کا رُخ کرے گی اور بازاروں میں ہجوم ہوجائے گا۔

اس کاموقع کا فائدہ اٹھاکر چند متعصب ذہنیت کے حامل چند ذرائع ابلاغ اور فرقہ پرست ذہنیت کے حامل گروپس مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوشش کریں گے۔ اسی طرح چند شرپسند افرکی جانب سے ہندومسلم تفرقہ پیداکرنے کی کوششوں سے بھی انکار نہیں کیاجاسکتا۔ ان تمام اُمور کے پس منظر میں عیدالفطر تک بازاروں کو کھولنے کی اجازت نہ دی جائے۔ اس موقع پر مولانا محمدایوب قاسمی، مولانا سید آصف ندوی، مولانا عبدالعظیم رضوی، مولانا سرورقاسمی، عبدالستار ، مسعود احمدخان،عبدالسلام چاؤل والا، سید شیر علی، سید معین،عبدالغفار وغیرہ موجود تھے۔