ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی پروگرام کا کوئی اعلان نہیں کیاگیا

ممبئی:7/جولائی۔ ( ورقِ تازہ نیوز): ریاستی الیکشن کمیشن نے 5 جولائی 2023 کو مقامی خود اختیاری اداروں کے انتخابات کے لیے ووٹر لسٹ (کٹ آف ڈیٹ) کے حوالے سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ اس میں درحقیقت کسی انتخابی پروگرام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ گرام پنچایت انتخابات کے علاوہ، سپریم کورٹ نے دیگر تمام بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے بارے میں ‘ جوں کاتوں ‘موقف کا حکم دیا ہے۔

اس لیے انتخابی پروگرام کے اعلان کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ا س طرح کاوضاحتی بیان ریاستی الیکشن کمشنر یو۔ پی۔ ایس۔ مدان نے آج جاری کیا ہے۔مسٹر مدان نے کہا کہ مقامی خوداختیاری اداروں کے انتخابات کے لیے علیحدہ ووٹر لسٹیں تیار نہیں کی جاتی ہیں۔ اس کے لیے اسمبلی حلقوں کی ووٹر لسٹیں جوں کی توں لی جاتی ہیں اور صرف وارڈ وار تقسیم کی جاتی ہیں۔ بلدیاتی اداروں کے آئندہ تمام عام اور ضمنی انتخابات کے لیے اسمبلی حلقوں کی فہرستوں کے استعمال کے لیے ایک مخصوص تاریخ (کٹ آف ڈیٹ) مقرر کی گئی ہے۔

اسی خطوط پر بلدیاتی اداروں کے آئندہ عام اور ضمنی انتخابات کے لیے یکم جولائی 2023 کی کٹ آف تاریخ طے کرنے کا نوٹیفکیشن 5 جولائی 2023 کو شائع کیا گیا ہے۔بلدیاتی انتخابات کے لیے اسمبلی حلقوں کی اپ ڈیٹ شدہ ووٹر لسٹوں کو استعمال کرنے کے لیے وقتاً فوقتاً کٹ آف تاریخ مقرر کی جاتی ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جاتا ہے۔ اس نوعیت کے نوٹیفیکیشن پہلے بھی شائع ہو چکے ہیں۔ یہ نوٹیفکیشن حقیقی انتخابی پروگرام نہیں ہے۔

اگر نوٹیفکیشن میں بتائی گئی مدت کے اندر عام یا ضمنی انتخابات نہیں کرائے جاتے ہیں تو دوبارہ کٹ آف تاریخ طے کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے،اس طرح کی وضاحت شری مدان نے کی ہے ۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading