حضورﷺ سے عملی محبت وقت کا تقاضہ: مفتی خالد قاسمی

پربھنی میں انجمن فروغ نعت کے زیر اہتمام جلسہ تقسیم انعامات

پربھنی: 27نومبر(راست) انجمن فروغ نعت پربھنی کے زیر اہتمام اتوار کو مسجد پیٹھ محلہ پربھنی میں جلسہ عام بعنوان ” سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم و تقسیم انعامات “ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مدعو مہمان مفتی محمد ایوب صاحب قاسمی ناندیڑ نے فرمایا کہ سیرت النبیﷺ کے ہزارہا پہلو ہیں اور ہم مسلمانوں کو اس سے استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے فرمایا کہ عاشق رسول ہر شعبہ حیات میں ہیں اور آپﷺ کی زندگی کے حالات سے سبق لیتے ہیں۔ جیسے تجارت آپﷺ کے طرز پر، لین دین آپﷺ کے مزاج کے اعتبار سے، اور ان کا ہر فعل رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مطابق ہوتا ہے اور یہی دونوں جہاں میں کامیاب ہوتے ہیں۔ ہمیں حضورصلی اللہ علیہ وسلم سے عملی محبت کا اظہار کرنا چاہئے نہ کہ زبانی۔ آج ہمیں مال و زر حاصل ہوتا ہے۔ ہمارے مزاج تبدیل ہوجاتے ہیں۔ رہن سہن میں تغیر برپا ہوجاتا ہے۔ لیکن آپﷺ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے نکاح کے بعد سب سے مالدار ہونے کے باوجود سادگی پسند رہے اور اپنا سارا مال غریبوں اور ضرورتمندوں میں تقسیم کیا۔ مفتی محمد خالد شاکر قاسمی نے کہا کہ آپﷺ سے سچی محبت کا اگر ثبوت دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں صحابہؓ کی زندگی کو دیکھنا چاہئے۔ یہ صحابہ اس بات کو گوارہ تک نہ کرتے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پیروں میں کانٹا چبھ جائے۔ آپﷺ سے محبت شرط اوّل ہے۔ چھوٹے بچوں کو بچپن ہی سے والدین کی جانب سے صحیح تربیت کی جانی چاہئے۔ مفتی محمد خالد شاکر قاسمی نے انجمن کے مقاصد اور ذمہ داران کے محنت کی ستائش کی اور ایک سبق آموز واقعہ پیش کرتے ہوئے آپﷺ کے نام کو اور آپﷺ کی نعت کو اپنی زبان سے ادا کرنے کا ادب سکھلایا۔ اس تقریب کی نظامت عبدالباسط سر اور عتیق سر نے کی۔ جبکہ قاری عرفان صاحب کی تلاوت کلام مجید سے تقریب کا آغاز ہوا۔ ابراہیم جمشید ثانی جنید جمشید نے حمد پیش کی۔ ہندوستان کی مشہور کمسن نابینا نعت خواں نورین انجم نے نعت رسولﷺ کا نذرانہ پیش کیا۔ انجمن فروغ نعت کے صدر سرور شریف سر نے انجمن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ خصوصی اعزاز یافتہ مہمانان جناب آصف حسین سر اور ابراہیم جمشید ( حضرت حسان بن ثابتؓ خصوصی ایوارڈ) کے ساتھ ہی انجمن کے زیر اہتمام منعقدہ نعت گوئی کے مقابلوں میں مکتب مسجد فاطمہ راحت کالونی پربھنی کے محمد زبیر، حافظ محمد جنید کو انعام اوّل، مدرسہ عربیہ خیرالعلوم گنگاکھیڑ روڈ پربھنی کے شاہد خان ابن محمد خان کو انعام دوّم اور مکتب حضرت میمونہؓ آنند نگر پربھنی کے سید وسیم سید تلاوت علی کو انعام سوم سے سرفراز کیا گیا۔ جبکہ شیخ عیان شیخ سعید، اُم عمارہ ساکھلاپلاٹ پربھنی کو ترغیبی انعامات پیش کئے گئے۔ اس تقریب میں ہزارہا مسلمانوں نے بصد احترام شرکت کی اور کمسن بچوں کی سریلی آواز میں نعت رسول مقبولﷺ کی سماعت کرتے ہوئے داد و تحسین پیش کی۔

Leave a comment