مہاراشٹرا سے آنے والی درخواستوں کی تعداد 35658 ہے جبکہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے آبادی کو دیکھتے ہوئے 11907 سیٹیں الاٹ کی گئی ہیں۔
نئی دہلی ۔ 5 جنوری 2019
شاید ہی ایسا کوئی مسلمان ہوگا جس کے دل میں حج کی سعادت حاصل کرنے کی حسرت نہ ہو ، یہی وہے کہ سفر حج کیلئے درخواست دہندگان کی نگاہیں قرعہ اندازی پر مرکوز رہتی ہیں۔ قرعہ اندازی میں نام آنے کے بعد ہی درخواست دہندگان کو سفر مقدس پر جانے کا موقع ملتا ہے۔
جمعہ کو حج کمیٹی آف انڈیا نے حج کوٹہ جاری کردیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس مرتبہ یوپی سے حج کیلئے فارم بھرنے والے سبھی عازمین کو سفر حج پر جانے کا موقع مل سکتا ہے ۔ قرعہ اندازی کے بغیر بھی سبھی درخواست دہندگان کو حج کے سفر پر بھیجا جاسکتا ہے۔

حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری اعداد و شمار پر نگاہ ڈالیں تو جنرل کوٹہ کے تحت ایک لاکھ 23 ہزار 900 لوگ سفر حج پر جائیں گے جبکہ ملک بھر سے دو لاکھ 67 ہزار 261 لوگوں نے سفرحج کیلئے فارم بھرے ہیں ۔اترپردیش سے 34397 لوگوں نے فارم بھرا ہے جبکہ کمیٹی کے ذریعہ اترپردیش کو 27682 سیٹیں الاٹ کی گئی ہیں۔
حج کمیٹی کا مکمل سرکیولر یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں
مہاراشٹرا سے آنے والی درخواستوں کی تعداد 35658 ہے جبکہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے آبادی کو دیکھتے ہوئے 11907 سیٹیں الاٹ کی گئی ہیں
اسی طرح سے راجستھان میں درخواست دہندگان کی تعداد 10750 ہے اور 4471 سیٹیں الاٹ کی گئی ہیں ۔
ہریانہ میں 3145 فارم بھرے گئے ہیں اور 1281 سیٹیں الاٹ کی گئی ہیں۔ اترپردیش کے کوآرڈینیٹر حاجی یعقوب کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ سیٹ کو دیکھتے ہوئے درخواست فارم کافی کم آئے ہیں۔ ریاست میں مسلمانوں کی آبادی کو دیکھتے ہوئے سیٹ کا کوٹہ جاری کیا جاتا ہے۔ سب سے زیادہ کوٹہ اترپردیش کو ملتا ہے۔
اترپردیش سےآنے والی درخواستوں کی تعداد 34397 ہے جبکہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے آبادی کو دیکھتے ہوئے 27682 سیٹیں الاٹ کی گئی ہیں۔ ایسے میں سیٹ اور درخواست فارم کا جو فرق ہے وہ 6715 ہے۔ کوآرڈینیٹر حاجی یعقوب کا کہنا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے پاس 17418 سیٹیں ایسی ہیں ، جو بہار ، آسام ، آندھرا پردیش اور جھارکھنڈ جیسی ریاستوں سے بچ رہی ہیں ۔ ایسے میں آبادی کو دیکھتے ہوئے یوپی کو بچی ہوئی زیادہ سے زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں اور سبھی لوگ یوپی سے حج کے سفر پر جاسکتے ہیں۔ اترپردیش میں قرعہ اندازی کا انعقاد نہ کئے جانے کیلئے ہم نے متعلقہ افراد کو لکھا بھی ہے۔