سری نگر:جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں انڈیگو کی ایک پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جس پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی، اس میں 227 مسافر سوار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ انڈیگو کی پرواز 6E2142 کو خراب موسم کے باعث ہنگامی طور پر لینڈ کرایا گیا۔ خراب موسم اور ژالہ باری کے دوران پائلٹ نے کنٹرول روم کو ایمرجنسی صورتحال کی اطلاع دی۔اس دوران مسافرین کو جہاز میں خدا یاد ۤآگیا اور وہ دعائیں مانگنے لگے ۔ جس کا ویڈٰو وائرل ہوا ہے ۔
اس کے بعد شام 6:30 بجے پرواز کو سری نگر میں بحفاظت اتار لیا گیا۔ تمام ایئر کریو اور مسافر محفوظ ہیں اور ایئرلائن نے اس پرواز کو AOG (Aircraft on Ground) قرار دیا ہے۔ طیارے کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہے، جس کی تصاویر بھی منظرِ عام پر آ چکی ہیں۔
انڈیگو نے ایک پریس بیان میں کہا کہ دہلی سے سری نگر جانے والی پرواز 6E2142 کو راستے میں اچانک ژالہ باری کا سامنا کرنا پڑا۔ پرواز اور کیبن کریو نے طے شدہ پروٹوکول پر عمل کیا اور طیارے کو سری نگر میں بحفاظت اتار لیا گیا۔ طیارے کے پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ کی ٹیم نے مسافروں کی دیکھ بھال کی۔ ضروری معائنے اور مرمت کے بعد طیارے کو روانہ کیا جائے گا۔
سری نگر میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والی پرواز کے اگلے حصے (نوز) کو نقصان پہنچا ہے، جس کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔ ان تصاویر سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پرواز پر کیا گزری ہوگی۔