نئی دہلی: کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی 1364 دواؤں کی نئی قیمتیں 9 نومبر سے نافذ ہو گئی ہیں۔ ان میں بعض دواؤں کی قیمتوں میں 96.45 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جبکہ 679 برانڈز کی دواؤں کے دام 50 فیصد سے زیادہ گھٹائے گئے ہیں۔ دواؤں کی قیمتوں میں اس کمی سے صارفین کو سالانہ تقریباً 3540.38 کروڑ روپے کی بچت ہونے کا اندازہ ہے۔
کیمیکلز اور فرٹیلائزرز کی وزارت کے تحت آنے والے محکمہ فارماسیوٹیکلز کی نیشنل فارماسیوٹیکل پرائسنگ اتھارٹی (این پی پی اے) نے کینسر کی 137 دواؤں کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) پر دکانداروں کے منافع (ٹریڈ مارجن) کی حد مقرر کی ہے۔ اس فیصلے کے تحت ان دواؤں کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ وزارت صحت و خاندانی بہبود کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کی جانب سے تشکیل دی گئی ماہرین کی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے کینسر کی دواؤں کی قیمتوں اور ان پر حاصل کیے جانے والے تجارتی منافع کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات پیش کی تھیں۔
این پی پی اے کے مطابق، 8 نومبر تک 85 دوا ساز کمپنیوں نے 121 دواؤں کے 1364 فارمولیشنز کی نئی قیمتوں کی تفصیلات فراہم کی تھیں۔ ان میں سے 679 برانڈز کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی درج کی گئی ہے۔ کسی ایک دوا کی قیمت میں سب سے زیادہ 96.45 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔