وکی لیکس ویب سائٹ کے بانی جولیان اسانج، فرانس میں جاری "کان فلم فیسٹیول” میں جو شرٹ پہن کر شریک ہوئے اس پر اسرائیلی بم باری میں جان کھونے والے 4986 فلسطینی بچوں کے نام تحریر تھے۔ یہ بچے 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ کی پٹی میں اپنی جانوں سے گئے۔
اسانج اس فیسٹیول میں اپنے بارے میں بننے والی دستاویزی فلمSix Million Dollar Man” ” کی نمائش کے لیے شریک ہوئے۔ ان کی حمایت میں قائم کمیٹی کے "ایکس” اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق، اسانج کی شرٹ کے دوسرے رخ پر "اسرائیل کو روکو” کا نعرہ بھی درج تھا۔یہ فلمی میلہ اپنی 78 ویں سالانہ تقریب کے طور پر13 مئی سے 24 مئی تک جاری ہے۔
ادھر غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے۔ العربیہ اور الحدث چینلوں کے مطابق طبی ذرائع نے آج بدھ کے روز بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً 100 فلسطینی قتل ہو چکے ہیں۔
منگل کی شب تک کے اعداد و شمار کے مطابق کم از کم 76 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق ہوئی، جن میں33 بچے اور عورتیں شامل ہیں۔ ان میں13 افراد ابو عمشہ خاندان کے تھے جو شمالی غزہ کے علاقے بیت حانون سے نقل مکانی کے بعد ایک پناہ گاہ میں مقیم تھے جسے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں مدرسہ موسیٰ بن نصیر بھی تباہ ہوا، جہاں بچے اور خواتین جل کر شہید ہوئے۔
وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں ابو سمرہ خاندان کے گھر پر بم باری سے 14 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں بیشتر خان یونس سے نقل مکانی کر کے وہاں آئے تھے۔ جبالیا کیمپ میں المقید خاندان کے گھر پر حملے میں10 افراد جان سے گئے۔
ان حملوں کے ساتھ ساتھ غزہ کے مشرقی علاقوں میں شدید بم باری اور گھروں کی تباہی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسرائیل کے فوجی آپریشن "عربات جدعون” کے آغاز کے بعد سے ہر روز کم از کم 100 افراد قتل ہو رہے ہیں۔
غزہ کی مقامی انتظامیہ کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے بڑے حملے کے بعد اسرائیل کی جوابی فضائی اور زمینی کارروائیوں میں اب تک53 ہزار سے زیادہ افراد جان کھو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ غزہ کی پٹی کی 23 لاکھ نفوس پر مشتمل تقریبا پوری آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔
