تھانے – گاودیوی مارکیٹ میں کپڑے کے تھیلے فروخت کرنے والی مشین
پلاسٹک کی جگہ کپڑے کے تھیلے کے فروغ کا اقدام
تھانے (آفتاب شیخ)
پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال کو کم کرنے اور ماحول دوست متبادل فراہم کرنے کے مقصد سے، تھانے میونسپل کارپوریشن اور روٹری کلب آف تھانے نارتھ نے نوپاڈا کے گاودیوی مارکیٹ میں کپڑے کے تھیلے فراہم کرنے والی دو مشینیں نصب کی ہیں۔ صارفین صرف 10 روپے ڈال کر مشین سے کپڑے کا بیگ حاصل کرسکتے ہیں۔
پیر کی صبح ان مشینوں کا افتتاح تھانے میونسپل کارپوریشن کی چیف انوائرمنٹ آفیسر منیشا پردھان اور روٹری کلب 3124 ضلع کے صوبائی کمشنر دنیش مہتا کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر روٹری کلب آف تھانے نارتھ کی صدر میدھا جوشی، سکریٹری امول نالے، ضلع سکریٹری سنتوش بھیڈے اور دیگر معززین موجود تھے۔
منیشا پردھان نے اس موقع پر کہا کہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور ماحول کے تحفظ کے لیے اس اقدام کو مزید وسعت دی جائے گی، اور روٹری کلب کے تعاون سے شہر کے دیگر بازاروں میں بھی ایسی مشینیں لگائی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری کپڑے کے تھیلے استعمال کریں۔
