تھانے کانگریس کمیٹی کے 8 اراکین معطل
پارٹی اصولوں کی خلاف ورزی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا- شہر صدر وکرانت چوان
تھانے (آفتاب شیخ)
کانگریس پارٹی کے اصولوں اور ضوابط کی خلاف ورزی پر تھانے شہر ضلع کانگریس کمیٹی کے 8 افراد کو پارٹی سے معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ کاروائی تھانے شہر ضلع کانگریس کے صدر ایڈوکیٹ وکرانت چوان کے حکم پر کی گئی، جنہوں نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے اس فیصلے کا اعلان کیا۔
معطل کیے گئے افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے حالیہ اسمبلی انتخابات کے دوران آزاد امیدواروں کی حمایت کرکے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی۔ ایڈوکیٹ چوان کے مطابق، مہاراشٹر پردیش کانگریس او بی سی سیل کے نائب صدر سریش پاٹل-کھیڈے نے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب میں حصہ لیا، جس پر انہیں سینئر قیادت کے احکامات کے تحت 6 سال کے لیے پارٹی سے معطل کر دیا گیا۔
دیگر معطل افراد میں برجیش چورسیا (وارڈ صدر)، جے پرکاش وید (وارڈ صدر)، سنتوش جوشی (سابق بلاک صدر)، گلاب سنگھ یادو (نائب صدر اتر بھارتی سیل)، منظور کھتری (سوشل میڈیا انچارج)، اور گریش کولی (جنرل سیکریٹری، تھانے شہر کانگریس) شامل ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے باغی آزاد امیدوار منوج شندے کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا۔
اسی طرح، ریکھا میرجکر پر باغی امیدوار سریش پاٹل-کھیڈے کی مہم میں شامل ہونے کا الزام ثابت ہونے پر ان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ چوان نے واضح کیا کہ پارٹی اصولوں کی خلاف ورزی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا، اور تمام کارکنوں کو پارٹی کی ڈسپلن کی پاسداری کا پابند ہونا ہوگا۔