MPCC Urdu News 19 Dec 24

پر بھنی اور بیڑ کے واقعات ترقی پسند مہاراشٹر کے نام پر بدنما داغ: نانا پٹولے

مہایوتی حکومت کے دور میں غنڈہ راج، مہاراشٹر میں بڑھتی غنڈہ گردی کے خاتمے کا مطالبہ

پر بھنی میں سومناتھ سُریہ ونشی کے قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے پر بھنی اور بیڑ اضلاع میں ہونے والے حالیہ واقعات کو ترقی پسند مہاراشٹر کے لیے بدنما داغ قرار دیا ہے۔ پر بھنی میں پولیس کی مارپیٹ سے سومناتھ سُریہ ونشی کی موت کو انہوں نے پولیس کے ہاتھوں کیا گیا قتل قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اس واقعے کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اسمبلی میں ان واقعات پر بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے حکومت پر سخت الفاظ میں تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی یوتی حکومت کے ڈھائی سالہ دور میں ریاست میں غنڈہ گردی کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔ بیڑ کے معاملے میں والمیِک کراد جیسے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے شخص کو پولیس کا تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس شخص کو تحفظ فراہم کرنے کی سفارش کس نے کی؟ بیڑ میں سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل اور دیگر جرائم میں والمیِک کراد کے ملوث ہونے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

نانا پٹولے نے مزید کہا کہ پولیس میں ہونے والی تبادلے بھی والمیِک کراد کے اشارے پر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پر بھنی میں پولیس کی جانب سے نہتے شہریوں پر لاٹھی چارج کے احکامات کس نے دیے؟ کیا یہ واقعہ حکومت کے ایما پر ہوا؟ انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ پر بھنی میں سومناتھ سُریہ ونشی کو لاٹھی چارج کی ویڈیو بنانے پر گرفتار کر کے ان کی پولیس حراست میں قتل کیوں کیا گیا؟

نانا پٹولے نے بیڑ کے واقعے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے پیچھے ایک وزیر کا ہاتھ ہے اور اس وزیر کو فوری طور پر کابینہ سے نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں سیاسی پشت پناہی سے جاری غنڈہ گردی کا خاتمہ کیا جانا چاہیے۔ نانا پٹولے نے ممبئی کے پوائی علاقے میں جے بھیم نگر جھونپڑ پٹی کی مسماری پر بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ مان سون کے دوران بی ایم سی، بلڈر ہیرانندانی اور پولیس نے یہ کارروائی کی اور ایس آئی ٹی کی رپورٹ میں انہیں قصور وار قرار دیا گیا، لیکن اب تک کسی پر بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

نانا پٹولے نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے پارلیمنٹ میں دیے گئے بیان کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی توہین قرار دیا اور کہا کہ اس کے خلاف مہاوکاس اگھاڑی کے ارکان اسمبلی نے ناگپور میں شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے ناگپور کے آئین چوک میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد یہ احتجاج شروع کیا اور پارلیمنٹ کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading