باغپت (اتر پردیش): ملک بھر میں پونے کے لوہ گاؤں کے کیتن اگروال قتل کیس کی گونج ابھی تھمی بھی نہیں تھی کہ اتر پردیش کے ضلع باغپت سے ایک اور لرزہ خیز واردات سامنے آگئی۔ یہاں ایک خاتون نے اپنے پڑوسی عاشق کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر اپنے شوہر کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
یہ ہولناک واقعہ باغپت کے بنولی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع بجواڑا گاؤں میں پیش آیا۔ راجیو اپنی بیوی نشا کے ساتھ رہتا تھا۔ پولیس کے مطابق نشا کے پڑوسی وکرانت کے ساتھ مبینہ ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے۔ کچھ عرصے بعد راجیو کو ان تعلقات کا علم ہوگیا اور اس نے سخت مخالفت شروع کردی، جس کے بعد وہ دونوں کے لیے رکاوٹ بن گیا۔
الزام ہے کہ نشا اور اس کے عاشق نے راجیو کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی۔ پہلے اسے نیند کی گولیاں کھلائی گئیں، پھر اس کے جسم پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔
آگ کی لپیٹ میں آنے کے بعد راجیو کی چیخ و پکار سن کر اہلِ خانہ اور پڑوسی موقع پر پہنچے، مگر اس وقت تک وہ تقریباً 80 فیصد جھلس چکا تھا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سات دن تک زندگی اور موت کی کشمکش جاری رہنے کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کیں اور نشا سمیت اس کے مبینہ عاشق وکرانت کو گرفتار کر لیا۔ ابتدا میں دونوں کے خلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم راجیو کی موت کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کر دی گئیں۔
اس لرزہ خیز واردات کے بعد پورے باغپت علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے ملزمان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ پولیس مقدمے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔