اورنگ آباد:(جمیل شیخ): کوکن واڑی کیسر سنگھ پورہ علاقہ میں گزرنے والی ڈرینج لائن گزشتہ ایک ماہ سے بند پڑی ہے اور ڈرینج کا غلیظ پانی راستوں پر جمع ہو کر جھیل کی شکل اختیار کرچکا ہے۔
جس سے ساکنان کی صحت متاثر ہورہی ہے مگر اس جانب کوئی توجہ دینے تیار نہیں ہے۔ علاقہ کے ساکنان نے بتایا کہ اس راستے پر مسجد اور مندر دو عبادتگاہیں ہیں اور نماز کی ادائیگی کے لئے مسجد جانیوالوں کے ساتھ ساتھ مندر میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے جانیوالوں کو اس غلیظ پانی سے ہو کر گزرنا پڑرہا ہے جس کی وجہ سے ان کے کپڑے ناپاک ہوجاتے ہیں یہی نہیں یہا ںجمع شدہ ڈرینج کے غلیظ پانی میں مکھیاں اور مچھروں کی بہتات ہے جس کے سبب ساکنان مختلف وبائی امراض میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔
یہی نہیں ڈرینج کا غلیظ پانی واٹر سپلائی کرنیوالی پائپ لائن میں داخل ہو کر نلوں کے ذریعہ آلودہ اور بدبودار پانی سپلائی ہورہا ہے جس کے استعمال سے بھی ساکنان وبائی امراض کا شکار ہونے لگے ہیں اس مسئلہ سے متعلقہ افسران کو واقف کروانے کے باوجود انھیں راحت فراہم کروانے کے لئے اب تک کوئی ٹھوس کاروائی نہیں کی گئی علاقہ کے ساکنان نے اے ایم سی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری یہاں نئی ڈرینج لائن ڈلواکر یہ مسئلہ حل کیا جائے بصورت دیگر میونسپل کارپوریشن دفتر پر زور دار احتجاج کیا جائے گا۔