انڈین فضائیہ نے اتر پردیش کی زیرِ تعمیر ’گنگا ایکسپریس وے‘ پر لینڈنگ کی مشق کیوں کی؟

انڈین فضائیہ (آئی اے ایف) نے شمالی ریاست اتر پردیش میں گذشتہ روز جمعے کو گنگا ایکسپریس وے پر فلائی پاسٹ اور جنگی طیاروں کی لینڈنگ کی مشق کی۔انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کا مقصد ایکسپریس وے کی جنگ کے دوران یا قومی بحران کے وقت ہنگامی ہوائی پٹی کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لینا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے جہاں بعض صارفین نے اترپردیش کی حکومت کو سراہا وہیں انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے حوالے سے بھی باتیں کی گئیں۔انڈین خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق اترپردیش میں شاہجہاں پور کے پاس گنگا ایکسپریس وے پر موجود ہوائی پٹی ریاست کی چوتھی موٹر وے ہے جہاں طیاروں کو بوقت ضرورت اتارا جا سکتا ہے۔

دی ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈین فضائیہ نے ملک بھر میں ایسی 28 شاہراہوں کی نشاندہی کی ہے جہاں ہوائی پٹی بنائی جا سکے تاکہ ہنگامی صورت حال میں ان کا استعمال ہو سکے۔

ان میں سے 12 مقامات پر بنی ہوائی پٹیوں کو انڈین فضائیہ نے قابل استعمال قرار دیا ہے اور ماضی میں ان میں سے بعضے پر ہوائی مشقیں بھی کی گئی ہیں۔لیکن دارالحکومت دہلی سے ملحق میرٹھ سے پریاگ راج یعنی الہ آباد کے درمیان 594 کلو میٹر لمبی زیر تعمیر گنگا ایکسپریس وے پر شاہجہاں پور ضلعے کے سب ڈویژن جلال آباد میں پیرو گاؤں کے پاس ساڑھے تین کلومیٹر طویل پٹی کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہاں دن اور رات یعنی 24 گھنٹے جنگی طیاروں کے اترنے اور پرواز کرنے کی سہولت موجود ہے۔

اور ہنگامی صورت حال میں انڈیا کی تیاری کو پرکھنے کے لیے گذشتہ روز اس پر رفال سمیت انڈیا کے تمام تر جنگی طیاروں نے یا تو لینڈنگ کی یا پھر وہاں سے زمین چھوتے ہوئے گزرے۔اس سے قبل گذشتہ سال جنوبی ریاست آندھر پردیش میں قومی شاہراہ (این ایچ -16) پر موجود ایمرجنسی لینڈنگ فیسیلیٹی( ای ایل ایف) پر سوکھوئی-30 اور ہاک جنگی طیاروں نے کامیابی کے ساتھ فلائی پاسٹ کیا جبکہ دوسرے طیاروں نے کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کی.

گذشتہ روز گنگا ایکسپریس وے پر ہنگامی صورت حال کی جو مشق ہوئی اسے دیکھنے کے لیے انڈین فضائیہ کے اہلکاروں کے علاوہ بہت سے مقامی لوگ بھی موجود تھے۔مشق میں فرانس سے حاصل کردہ جدید جنگی طیارہ رفال کے علاوہ مگ-29، سوکھوئی-30 ایم کے آئی، جيگوار، میراج-2000، سی-130 جے سوپر ہرکیولس، اور اے این-32 ٹرانسپورٹ طیارے اور ایم آئی-17 وی 5 ہیلی کاپٹر شامل تھے۔ان طیاروں نے دن اور رات کی کارروائیوں کو چیک کرنے کے لیے ٹیک آف اور لینڈنگ دونوں مشقیں کیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق اترپردیش حکومت نے جمعرات کو اس بابت ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گيا کہ ‘رفال، سوکھوئی-30 ایم کے آئی، مگ 29، میراج-2000، جیگوار، اے این-32، سی-130 جے، سوپر ہرکیولس اور ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر جیسے جدید ترین طیاروں اور ہیلی کاپٹرز نے جنگی تیاریوں اور تباہی سے نمٹنے کی لائیو مشق کی۔

جائے وقوعہ پر موجود سینکڑوں تماشائیوں نے انجنوں کی گرج اور فضائی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی لائیو کمنٹری بھی پیش کی جا رہی تھی جو ہر طیارے کی تکنیکی صلاحیتوں اور ان کے سٹریٹجک کردار کے بارے معلومات فراہم کر رہی تھیں

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading