اورنگ آباد:(شاکردیشمکھ) ناندیڑ کے شنکر رائو چوہان گورنمنٹ میڈیکل اسپتال میں 12نومولود بچوں سمیت 24مریضوں کی ایک ہی دن میں اموات کا افسوناک واقعہ کل پیش آیا ۔ تھانے ضلع کے بعد ناندیڑ میں اس واقعہ نے ریاست میں اقتدار پر قابض لوگوں کے خلاف غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ اس واقعے پر سیاسی رہنما بھی ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔الزام ہے کہ موت طبی سامان کی کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ واقعہ کے دوسرے دن ناندیڑ میں لیڈروں اور وزراء کا دورہ شروع ہوگیا ہے۔ لیکن اس سے کیا حاصل ہوگا؟ کیا کھوئی ہوئی جانیں واپس آئیں گی؟ ایسے سوالات پوچھے جا رہے ہیں۔
مجلس اتحاد المسلمین کے رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے سنگین الزام لگایا ہے کہ ناندیڑ کے سرکاری اسپتال میں ہونے والی اموات موت نہیں بلکہ سفاکانہ قتل ہیں۔یہی نہیں، مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ، ریاستی میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر اور اس محکمہ کے وزیر کے خلاف مجرمانہ قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔ امتیاز جلیل نے ناندیڑ کے اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی پوسٹ کرتے ہوئے اپنی سابقہ پوسٹ کے ذریعے غصے کا اظہار کیا ہے۔یہ موت نہیں بلکہ سفاکانہ قتل ہیں۔ تاہم اس واقعے کا ذمہ دار کسی کو نہیں ٹھہرایا جائے گا۔ صرف جعلی تحقیقات کا حکم دیا جائے گا۔
ہر سرکاری میڈیکل اسپتال کو برسوں سے ایسے ہی مسائل کا سامنا ہے۔ غریب مریضوں اور ان کے لواحقین کی آواز کوئی نہیں سنتا۔سرکاری اسپتالوں میں افرادی قوت اور خدمات کی کمی سے متعلق مسائل اٹھانے کے بعد بھی کچھ نہیں بدلا۔ پھر میں نے بمبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ میں PIL (47/22) دائر کی اور اس کے بعد سے معاملات آگے بڑھنے لگے۔ لیکن ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ امتیاز جلیل نے مطالبہ کیا ہے کہ اب ایک ہی کارروائی ہے کہ ڈین اور ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کی جائے اور وزراء کو نہ بخشا جائے۔
اسی دوران امتیاز جلیل نے لوک سبھا اور بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ میں سرکاری میڈیکل اسپتالوں، کالج کی سہولیات، آلات، ادویات کی فراہمی، ماہر ڈاکٹروں، تکنیکی ماہرین، رہائشی ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف، صفائی ستھرائی کے معاملے پر مسلسل آواز اٹھائی ہے۔ کارکنان اس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈویژن بنچ نے ریاستی حکومت اور طبی تعلیم اور محکمہ صحت کو اس سنگین غلطی کو دور کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ امتیاز جلیل اورنگ آباد شہر میں خواتین اور بچوں کے اسپتال کیلئے بھی جدوجہد کررہے ہے ۔