اجمیر میں مرغیوں کے مرنے پر تنازعہ نے طول پکڑا

اجمیر، 06 اپریل (یواین آئی) راجستھان کے شہر اجمیر میں لاك ڈاؤن کے دوران ضلع بھر کے پولٹری فارم میں مرغیوں کے مرنے کے معاملے میں محکمہ مویشی پروری کے جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اجے ارورہ اور نیشنل ایگ کوارڈی نیشن کمیٹی (نیك) کے صدر ڈاکٹر راج کمار جے پال میں کل ہوئے تنازعہ نے طول پکڑ لیا ہے۔ذرائع نے آج بتایا کہ دونوں حکام نے اس معاملے پر ایک دوسرے کے خلاف سول لائن تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ اس سے معاملہ نے مزید طول پکڑ لیا ہے۔

اس سلسلے میں جے پال حامی کانگریسی لام بند ہو گئے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلی اشوک گہلوت کو خط لکھ کر اجمیر میں افسر شاہی کے حاوی ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ڈاکٹر ارورہ کو ضلع بدر کرنے اور کیس کی مقررہ وقت میں ہائی پاور کمیٹی سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔مطالبہ کرنے والوں میں شہر کانگریس کے نائب صدر غلام مصطفی اور پرتاپ سنگھ یادو، جنرل سیکرٹری مہیش اوجھا اور للت بھٹناگر سمیت دو درجن سے زیادہ کانگریسی شامل ہیں۔

اس مطالبہ کی ایک کاپی نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ کو بھی دی گئی ہے۔ جنرل سکریٹری مہیش اوجھا نے وزیر برائے مویشی پروری لال چند کٹاریہ کو بھی ایک خط بھیجا ہے جس میں کارروائی کی مانگ کی ہے۔معاملے کی جانچ ایس سی -ایس ٹی سیل کے سپرنٹنڈنٹ سریندر سنگھ کو سونپی گئی ہے۔