ضلع پریشد تھانے میں معذور افراد کے حقوق کے قانون 2016 کے تحت ایک روزہ حساسیت ورکشاپ
ضلع پریشد تھانے میں معذور افراد کے حقوق کے قانون 2016 کے تحت ایک روزہ حساسیت ورکشاپ
تھانے (آفتاب شیخ)
ضلع کلکٹر کے حکم کے مطابق معذور افراد کے حقوق کے قانون 2016 کے تحت آج بی جے ہائی اسکول، کورٹ ناکہ، تھانے میں ایک روزہ حساسیت ورکشاپ منعقد کی گئی، جس کا مقصد سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افسران و عملے میں معذور افراد کے حقوق، سہولیات اور ان سے متعلق قوانین کے بارے میں آگاہی اور حساسیت پیدا کرنا تھا۔
ورکشاپ کا افتتاح ایڈیشنل ضلع کلکٹر ہریش چندر پاٹل نے کیا، جس میں ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے افسران موجود تھے۔ ابتدائی تعارف اجولا سکپالے نے پیش کیا اور معذور افراد کے حقوق کے فروغ کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا۔
دیویانگ ڈپارٹمنٹ کی سربراہ دیپیکا شیرکھانے نے نیشنل ٹرسٹ ایکٹ کے موضوع پر رہنمائی کی، جب کہ نیشنل سینٹر فار پروموشن آف ایمپلائمنٹ فار ڈس ایبلڈ پیپل کے پروجیکٹ مینیجر ونیت بھاگوجی اور ان کی ساتھی خوشی گنوترا نے RPWD ایکٹ 2016 اور سیکشن 39 کے تحت معذور افراد کے حقوق، روزگار کے مواقع اور سرکاری ذمہ داریوں کے حوالے سے مفصل معلومات فراہم کی۔ سماجی کارکنوں نے بھی معذور افراد کے لیے موجود سہولیات اور حکومتی اسکیموں کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر تحصیلدار سندیپ تھوراٹ، محکمہ زراعت کے سربراہ منیر بچوٹیکر، اسسٹنٹ ایڈوائزر دیویانگ ایمپاورمنٹ سنگیتا شرکے، ایڈوائزر سینئر سٹیزن ڈپارٹمنٹ یشونت راؤ چوان سینٹر ایڈ۔ پرمود ڈھوکلے، سماگرا شکشا سرواسماویش شکشا انیل کُرھاڈے اور دیپک سالونکھے نے ورکشاپ کے کوآرڈینیشن کی ذمہ داری سنبھالی۔
ورکشاپ کا مقصد سرکاری محکموں میں معذور افراد سے متعلق قوانین اور اسکیموں کی بہتر سمجھ پیدا کرنا، ان کے مسائل پر توجہ مرکوز کرنا اور مختلف محکموں کے اشتراک سے ان اسکیموں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانا تھا تاکہ ایک جامع اور شمولیتی معاشرے کی تشکیل میں انتظامیہ کا کردار مضبوط ہو سکے۔
تھانے ضلع کے مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان، افسران، ملازمین، سماجی کارکنوں اور معذور افراد کے شعبے میں سرگرم تنظیموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔