انڈیگو بحران: ’مودی حکومت کی ناکامی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا‘، مسافروں کو بے یار و مددگار دیکھ کر کانگریس متفکر

انڈیگو بحران کے درمیان کئی مسافروں کی درد بھری کہانیاں سامنے آ رہی ہیں۔ کوئی اپنے والد کی آخری رسومات میں نہیں جا سکا تو کوئی اپنے ولیمہ کے لیے مقرر جگہ پر نہیں پہنچ پایا، کسی کی بزنس میٹنگ چھوٹ گئی تو کسی کا سامان اُس تک نہیں پہنچ سکا۔ ملک کی جن ریاستوں میں بھی انڈیگو طیارہ کی خدمات ہیں، وہاں ایئرپورٹس پر ایک ہنگامی حالت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز اور تصویریں سامنے آئی ہیں، جس میں لوگ روتے اور سسکتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس طرح کے معاملوں پر اپوزیشن پارٹی کانگریس نے فکر کا اظہار کیا ہے اور مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں ایک شخص بتاتا ہے کہ وہ گزشتہ 3 دنوں سے بغیر کھائے پیے وقت گزار رہا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ ’’میں 3 دنوں سے بغیر کھائے پیے اور بغیر سوئے پریشان ہو رہا ہوں۔ میری فیملی بنگلورو میں پھنسی تھی۔ انڈیگو والوں نے انھیں بھیج دیا، لیکن بیگ بنگلورو میں ہی چھوڑ دیا۔ اسی میں گھر کی چابی، پاسپورٹ اور کاغذات ہیں۔‘‘

ویڈیو میں وہ انڈیگو کے ملازمین پر ناراض دکھائی دے رہا ہے اور وہاں پر کئی دیگر مسافر بھی ہیں جو مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ کسی کو معلوم نہیں ہے کہ اس کی پریشانی کا حل کون نکالے گا۔ ان حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’یہ مودی حکومت کی ناکامی ہے، جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔‘‘

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading