ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات 2025 کیلئے سرگرمیاں تیز، اعلامیہ کسی بھی وقت ممکن

ناندیڑ / ممبئی – 5/دسمبر ۔ (ورق تازہ نیوز)ریاست میں میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کونسلوں کے عام انتخابات 2025 کے سلسلے میں سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے اور توقع ہے کہ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن سمیت ریاست کی متعدد بلدیات میں انتخابی شیڈول جلد جاری کیا جا سکتا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست کے 32 میں سے 17 اضلاع کی حدود میں 50 سے زائد میونسپل اداروں کی وارڈ بندی اور آراکشَن سے متعلق کارروائی تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ ایسے میں کمیشن نے باقی بلدیاتی اداروں، خصوصاً میونسپل کارپوریشنز کے عام انتخابات کیلئے پیشگی تیاری شروع کر دی ہے۔

اسی پس منظر میں ریاستی الیکشن کمشنر کی صدارت میں 4 دسمبر دوپہر 2 بجے ریاست کی 23 میونسپل کارپوریشنز کے کمشنروں کے ساتھ اہم آن لائن میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے بھی شرکت کی اور انتخابی فہرستوں، بوتھ انتظامات، وارڈ سطح تیاریوں اور دیگر تکنیکی نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ کب؟

ذرائع کے مطابق انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد سات دن کی مدت میں امیدوار نامزدگی فارم داخل کر سکتے ہیں۔ اگر کمیشن نے 15 دسمبر کے آس پاس اعلامیہ جاری کیا تو 22 یا 23 دسمبر سے نامزدگی قبول کرنے کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔
فارم کی جانچ، دستبرداری اور پھر انتخابی مہم کے لیے مزید 10 تا 15 دن درکار ہوتے ہیں۔ ایسے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مکر سنکرانتی کے فوراً بعد ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ مقرر کی جا سکتی ہے۔

انتخابی سرگرمیوں میں اچانک تیزی کے سبب ناندیڑ میں سیاسی ماحول گرم ہو چکا ہے اور مختلف جماعتیں اپنی صف بندی اور حکمتِ عملی پر تیزی سے کام کر رہی ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading