ہائی کورٹ کے فیصلے سے قصابوں کوبڑی راحت

رانچی :13اکتوبر ۔(ایجنسیز)بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں میونسپل کارپوریشن کے ذبیحہ خانے سے ہی مٹن خریدنے سے متعلق مقدمے میں ہائی کورٹ نے کارپوریشن کے حکم پر روک لگا دی ہے۔خیال رہے کہ ‘جھارکھنڈ قریش تنظیم’ کی جانب سے عدالت میں عرضی داخل کی گئی تھی کہ میونسپل کارپوریشن نے بکروں کا ذبیحہ ‘سلاٹر ہاو¿ز’ میں ہی کرنے کا فرمان جاری کیا تھا۔ عرضی گذاروں کا مزید کہنا تھا کہ ‘میونسپل کارپوریشن کے اس فرمان سے رانچی کے سینکڑوں دکاندار متاثر ہوں گے اس کے علاوہ عام لوگوں کو بھی مٹن ( بکرے کا گوشت) حاصل کرنے میں پریشانی ہو گی’۔عرضی میں عدالت کو اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا تھا کہ ذبیحہ خانے سے مٹن خریدنے کے بعد خراب ہونے کا خطرہ ہوگا کیونکہ رانچی میں بجلی کی خراب صورت حال کے سبب فریج کا استعمال ممکن نہیں ہو سکے گا۔اس کیس کی اگلی سماعت 26 اکتوبر کو ہوگی۔ عدالت کے اس فیصلے پر بکرے کا گوشت بیچنے والے دوکانداروں نے راحت کی سانس لی ہے۔دوکاندوروں کے مطابق سلاٹرہاو¿ز سے مٹن لا کر دوکانوں پر فروخت کرنا ایک چیلنج بھرا کام ہے۔ اس کے علاوہ گوشت کی قیمتوں میں بھی نمایاں طور پر اضافہ ہو جائےگا۔ ایسے میں میونسپل کارپوریشن کا فرمان کافی مضحکہ خیز ہے۔غور طلب ہے کہ رانچی میں مٹن کی دکانوں کی تعداد 4 سو سے زائد ہے۔ ایسے میں میونسپل کارپوریشن کو دکانداروں کے ساتھ میٹنگ کے بعد ہی کسی طرح کا قدم اٹھانا چاہیے تھا، تاہم ایسا نہ کرنے کی صورت میں تمام پہلوں پر غور نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے ہائی کورٹ نے بلدیہ کے فیصلے پر روک لگا دیا ہے

Leave a comment